ممبئی۔۔۔۔ممبئی میں ہونیوالے دہشتگردانہ حملے کے بعد مہاراشٹر پولیس نے 4600بلٹ پروف جیکٹس میں سے ایک تہائی یعنی1430جیکٹس کمپنی کو واپس کردی ۔یہ جیکٹیں اسلئے واپس کی گئیں کیونکہ اے کے 47رائفل سے فائر کی گئی گولیاں روکنے میں ناکام رہیں۔پولیس کے اعلیٰ عہدیدار لکشمی نرائن نے بتایا کہ اے کے 47سے فائر کی گئی گولیاں روکنے میں ناکام ہونے پر 1400سے زائد جیکٹس کانپور کی سپلائر کمپنی کو واپس کردیں۔ واضح ہو کہ محکمہ پولیس نے 5ہزار بلٹ پروف جیکٹس کا آرڈر مذکورہ کمپنی کو دیا تھا جو ملک کے محافظ دستوں، سیکیورٹی اداروں اور محکموں کو بھی ایسی جیکٹس فراہم کرتی ہے۔4700جیکٹس کیلئے 17کروڑ روپے ادا کئے گئے تھے ۔مرکزی فارنسک سائنس و تحقیقاتی ادارے میں بلٹ پروف جیکٹس کا ٹیسٹ کیا گیا جس میں 3ہزار جیکٹس معیار پر پوری اتریں اور باقی جیکٹوں کے اندر سے فائر کی گئی گولیاں گزر گئیں جنہیں ناکارہ قراردیدیاگیا۔