جدہ .... ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مملکت میں رکشا چلانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ جدہ کے مختلف علاقوں میں رکشا کی تصاویر جو سوشل میڈیا پر پھیلی ہوئی ہیں وہ2015 کی ہیں ۔ عکاظ اخبار نے ٹریفک پولیس کے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ ایک سرمایہ کار نے 5 رکشا درآمد کئے تھے جس کا مقصد تھا کہ انہیں سیاحتی مقامات پر تفریح کےلئے استعمال کیا جائے ۔ایک سرمایہ کار نے رکشا کو بطور ذرائع نقل و حمل کے لئے درآمد کیا تھا جس نے 5 رکشا درآمد کئے مگر اسے اس بات کی اجازت نہیں ملی کہ وہ شہر کے سڑکوں پر رکشا استعمال کرے ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ رکشا چلانے کےلئے باقاعدہ لائسنس کے اجراءکے لئے متعدد اداروں کی اجازت کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ مملکت کا ماحول اور مطلوبہ معیار رکشا چلانے کی اجازت نہیں دیتا ۔ واضح رہے سوشل میڈیا پر گزشتہ ہفتے سے رکشا کی تصاویر پھیلی ہوئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ جدہ میں سواری کے لئے رکشا متعارف کروایا جارہا ہے ۔