Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیڈا: لوگوں نے پک اپ چرانے والے کو گرفتار کرادیا

اونٹاریو ....  سڑکوں پر کھڑی گاڑیو ں کی چوری دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح کینیڈا میں بھی کوئی نئی نہیں اور ماہرین یہ کہتے ہیں کہ  ہر سڑک پر گاڑی چلانے  والا ہر شخص آس پاس کے حالات پر نظررکھے تو ایسی وارداتیں یا تو ختم ہوجائیں گی یا بہت کم ہوجائیں گی شرط یہ ہے کہ لوگ بیدار رہیں اور آنکھیں کھلی رکھیں۔ تفصیلات کے مطابق یہاں  ایک 19سالہ نوجوان جس کا تعلق ایڈمنٹن کے علاقے سے تھا سڑک پر کھڑے ایک پک اپ ٹرک کو چوری کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ کچھ لوگوں کی نظر اس پر پڑ گئی اور انہوں نے آہستگی سے اس کے قریب جاکر گاڑی کو اس طرح گھیر لیا کہ اسے نکل کر بھاگنے کا کوئی موقع نہ مل سکے اور وہ اسی حالت میں کھڑے رہے جب تک پولیس موقع پر نہیں پہنچ گئی۔ چور چاروں طرف سے گھر جانے کے بعد گاڑی کے اندر کھڑکیاں اور دروازے لاک کرکے موقع کی تاک میں تھا کہ اسے موقع ملے تو وہ فرار ہوجائے مگر ایسا نہیں ہوسکا۔ پولیس جب پہنچی تب بھی اس نے دروازہ نہیں کھولا اور پولیس کو پک اپ  کے ونڈ اسکرین کو توڑ کر اندر داخل  ہونا پڑا اور چور کو وہاں سے کھینچ کر باہر نکالنا پڑا۔ کہا جاتا ہے کہ  گاڑی کا مالک سڑک کے کنارے اپنی گاڑی کھڑی کرکے چند منٹ کیلئے کسی ضروری کام سے گیا تھا اور جب واپس ہوا تو اس نے اندازہ کرلیا کہ اسکی گاڑی میں کوئی بیٹھا ہوا ہے۔ اس نے عقلمندی دکھائی کہ قریب سے گزرنے والی گاڑیو ں کو اشارہ کیا کہ وہ اسکی مدد کریں۔ کچھ لوگوں نے خود بھی اس منظر کو دیکھا اور سب نے مل کر چور کو گھیر لیا۔ گاڑی کے مالک گریگ جانسن کا کہناہے کہ جس طرح اس شخص نے چوری کی واردات کی ویسی چوری شاید ہی مقامی پولیس نے کبھی دیکھی ہو۔ ملزم کے قبضے سے ایک چاقو بھی برآمد ہوا ہے جس کی وجہ سے پولیس اہلکاروں نے اسے زمین پر گرا کر اس پر قابو پالیا۔ اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اسے کیا سزا دی جارہی ہے۔

شیئر: