اسلام آباد...وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم آفس میں پودا لگا کر موسم بہار شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا۔ مہم کے دوران سرسبز پاکستان اور صحت مند ماحول کے فروغ کے لئے ملک بھر میں پودے لگائے جائیں گے۔ گرین پاکستان پروگرام کے تحت 10کروڑ اضافی پودے لگائے جائیں گے۔ 2016-21ءکے عرصہ کے لئے اس پروگرام کی مجموعی لاگت 3.652 ارب روپے ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان نے سرسبز پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے تمام پاکستانیوں بالخصوص کاشتکار برادری، طالب علموں، ارکان پارلیمان، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور خواتین پر زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر موسم بہار شجرکاری مہم 2018ءمیں سرگرمی سے شرکت کریں۔ یہ مہم بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے کہ پاکستان کے قدرتی جنگلات کو موسمیاتی تبدیلی، انسانی و صنعتی ضروریات کے لئے لکڑی کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث کمی کا خطرہ لاحق ہے۔ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت جنگلات کے فروغ اور ملک میں جنگلات کے رقبے میں اضافے میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے۔