لفظ تو یاد نہیں ، یاد ہے لہجہ اس کا
بات چیت کا ہنر ایک ایسی خوبی ہے جو آپ کی شخصیت کو پرکشش بناتی ہے . کامیاب زندگی گزارنے کے لیے اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی صلاحیت رکھنا ، اپنے احساسات وجذبات کو بیان کرنے پر قادر ہونا اور دوسروں سے بہترین رابطہ اور تعلق قائم کرنا بے حد ضروری ہے . پراعتماد طریقے سے اپنے جذبات اور خیالات کو موثر انداز میں ظاہر کرنے کا فن شخصیت کو متاثر کن بنا دیتا ہے . باہمی رابطہ یا ابلاغ محض بات چیت کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک ہنر ہے . جس کے ذریعے دوسروں کے دل جیتے بھی جا سکتے ہیں اور معاملات میں تلخی اور زہر بھی گھولا جا سکتا ہے .
کیا آپ جانتے ہیں کہ دوران گفتگو چہرے سے ظاہر ہونے والے تاثرات ، آپ کے جسم کی حرکات و سکنات ، آپ کا لباس اور ادب آداب آپ کی ملاقات کا 55 فیصد تاثر مرتب کرتے ہیں . اسی طرح آپ کی آواز ، لہجے کی خوبصورتی یا سختی اور اتار چڑھاؤ آپکی شخصیت کا 37 فیصد اثر دوسرے پر قائم کرتے ہیں جبکہ 7 فیصد تاثر الفاظ کے درست چناؤ اور موثر ابلاغ پر مبنی ہوتا ہے .
اگر دوران گفتگو آپ کے چہرے کی تاثرات ، لہجہ ، آواز کا اتار چڑھاؤ اور آداب سخت اور ناگوار ہیں تو یقینا آپ کو اپنے انداز گفتگو میں بہتری لانے کی ضرورت ہے . ورنہ نہ صرف آپ کی شخصیت مسخ ہو گی بلکہ آپ کی ملاقات اور معاملات پر بھی برا اثر پڑے گا . فساد کی بڑی وجہ زبان اور اس کا غلط استعمال ہے اور زبان کی سختی اور تلخی رشتوں اور معاملات پر بری طرح اثر انداز ہوتی ہے . لہٰذا تحمل کے ساتھ موثر اور شائستہ گفتگو کرنے کو اپنی عادت بنا لیں . آپ کی زبان کی شیرینی ہر شخص کو آپ کا گرویدہ بنا دے گی .