سری لنکا نے بنگلہ دیش سے ٹیسٹ سیریز 0-1 سےجیت لی
ڈھاکا:سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو 215 رنز سے شکست دے کر 2 ٹیسٹ کی سیریز 0-1 سے جیت لی۔ بنگلہ دیشی ٹیم 339 رنز کے تعاقب میں 123 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ٹیسٹ ڈیبیوکرنے والے ا سپنر دھننجایا نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ روشن سلوا کو دونوں اننگز میں نصف سنچریاں ا سکور کرنے پرمین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ شیر بنگلہ ا سٹیڈیم، ڈھاکا میں ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن سری لنکا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 200 رنز 8 کھلاڑی آوٹ پر دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 226 رنز پر آوٹ ہوگئی۔ روشن سلوا نے بہتربیٹنگ کی اور دوسری اننگز میںبھی نصف سنچری 70 رنز ناٹ آوٹ بنائے۔ تیج الاسلام نے4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ آئی لینڈرز نے پہلی اننگز میں 112 رنز کی سبقت حاصل کرنے کی وجہ سے بنگلہ دیش کو جیت کےلئے 339 رنز کا ہدف دیا۔ بنگلہ دیشی بلے باز دوسری اننگز میں بھی سری لنکن بولرز کو اعتماد سے نہ کھیل سکے۔ دھننجایا اور رنگانا ہیراتھ نے بہتر بولنگ کی اور بنگلہ دیش کو 123 پرواپس پولین بھیج دیاجبکہ وہ 339رنز کے تعاقب میں تھی۔ مومن الحق 33 اور مشفق الرحیم 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ تمیم اقبال 2 ، امرالقیس 17 ، لٹن داس 12 ، کپتان محمود اللہ 6 اور صابر رحمان ایک رن بنا سکے۔ کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے نوجوان اسپنر دھنجایا نے 5 جبکہ رنگانا ہیراتھ نے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ روشن سلوا کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔