Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ سے اب زیادہ لطف اندوز ہو رہا ہوں، مصباح الحق

لندن:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد کرکٹ سے زیادہ لطف اندوز ہو رہے ہیں۔یا درہے کہ ویسٹ انڈیز میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد جب مصباح نے انٹر نیشنل کرکٹ کو خیرباد کہا تو یہ خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اب وہ زیادہ عرصہ کرکٹ میدان میں نظر نہیں آئیں گے تاہم سابق کپتان نہ صرف مختلف لیگز اور مقابلوں میں شریک ہو رہے ہیں بلکہ ان کا کہنا ہے کہ وہ پہلے کی نسبت کھیل سے زیادہ لطف اٹھا رہے ہیں۔مصباح الحق 22 فروری سے شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ میں مسلسل تیسرے سال اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیم کی قیادت کرنے والے ہیں۔مصباح الحق نے مزید کہا کہ ان پر انٹرنیشنل کرکٹ اور قیادت کے حوالے سے دباوختم ہو چکا ہے۔ اس سوال پر کہ وہ اس سیزن میں ڈومیسٹک کرکٹ میں بہت کم کیوں کھیلے تو سابق کپتان نے کہا کہ ان کی ٹیم سوئی سدرن میں اب پا کستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کئی کھلاڑی کھیلتے ہیں اس کے علاوہ دیگر نوجوان کرکٹرز بھی شامل ہیں لہٰذا وہ خود کھیل کر کسی نوجوان کو حق سے محروم نہیں کرنا چاہتے۔مصباح نے بتایا کہ وہ فیصل آباد کی جانب سے ون ڈے ٹورنامنٹ میں چند میچ اس لیے کھیلے کیونکہ ٹیم کو سینیئر کرکٹر کی ضرورت تھی۔ فٹنس کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ وہ فٹنس پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں۔مصباح الحق نے کہا کہ اس وقت بہت زیادہ کرکٹ لیگز ہو رہی ہیں لہٰذا وہ ان میں کھیل کر اپنا شوق پورا کر رہے ہیں۔ کرکٹ جاری رکھنے کے سوال پر سابق کپتان کا کہنا تھا کہ انھیں پاکستان سپر لیگ میں اپنی کارکردگی دیکھ کر یہ اندازہ ہو جائے گا کہ وہ ٹیم کے لیے کتنے کارآمد ہیں۔مصباح الحق کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلی پی ایس ایل جیتی تھی تاہم دوسری پی ایس ایل میں ان کی ٹیم کراچی کنگز سے دوسرے کوالیفائنگ فائنل میں ہار گئی تھی۔ اس بار تمام ٹیموں کے کھلاڑی اچھے ہیں اور توازن نظر آتا ہے اور انھیں یقین ہے کہ پچھلے دو برسوں کی طرح اس بار بھی یہ اچھا ٹورنامنٹ ہو گا۔ 

شیئر: