مصباح اور یونس کی کمی پوری ہونے میں وقت لگے گا، سرفراز
کراچی:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلسل سے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے بیٹسمین فواد عالم کی قومی ٹیم میں شمولیت کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کی کارکردگی سے خوفزدہ نہیں ۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے فواد عالم کے بارے میں سوال پر کہا کہ اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں ۔فواد کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی طلب کیا گیا اور کوچز نے ان کی کارکردگی کے علاوہ فٹنس کا بھی جائزہ لیا۔ امید ہے وہ جلد قومی ٹیم شامل ہوں گے اور ڈومیسٹک کرکٹ کی طرح عالمی سطح پر بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
دورہ نیوزی لینڈ کے بارے میں سرفرازکا کہنا تھا کہ وہاں کا موسم اور وکٹیں بالکل مختلف ہوں گی اور ہم یہ سب ذہن میں رکھ کر دورے کی تیاری کررہے ہیں ۔ اس دورے کے لئے پاکستان میں بھی کیمپ لگایا جائے گا جبکہ سیریز سے کافی دن پہلے ہم نیوزی لینڈ پہنچیں گے اور وہاں بھی مختصر کیمپ لگے گا تاکہ موسم اور ماحول سے ہم آہنگی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ہمیں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھالیکن مصباح الحق اور یونس خان جیسے 2 سینئرز کی کمی سے ہمیں بیٹنگ میں مسائل کا سامنا رہا اور ٹیسٹ میچز میں توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھا سکے۔
کپتان نے کہا کہ مصباح اور یونس کی کمی پوری ہونے میں وقت لگے گا۔ سلیکٹرز ڈومیسٹک سطح پر عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا جائزہ لے کر بہترین اسکواڈ تشکیل دیں گے اور جلد ہی ہم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی طرح ٹیسٹ کی بھی مضبوط ٹیم بنانے میںکامیاب ہوں گے۔کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کے ممکنہ انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سرفراز نے کہا کہ لاہور کی طرح کراچی میں کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے ۔