Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور ، اہم مقامات سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم

لاہور... سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے ماڈل ٹاون اور جاتی امراءسمیت اہم مقامات سے تمام رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دے دیا۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں فل بنچ نے شہر بھر میں سیکیورٹی سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ آئی جی پنجاب پولیس کیپٹن (ر) عارف نواز نے عدالت کو بتایا کہ ماڈل ٹاون، گورنر ہاوس اور جاتی امرا سمیت اہم مقامات پر سیکیورٹی کے باعث راستوں میں بیریئرز لگائے گئے ۔چیف جسٹس نے کہا کہ سیکیورٹی کے نام پر عوام کو مزید مشکلات سے دوچار نہیں کیا جاسکتا۔ اگر اہم شخصیات کو سیکیورٹی مسائل کا سامنا ہے تو اس مسئلے کو کسی دوسرے طریقے سے حل کیا جائے۔ عوام کو پریشانی میں مبتلا نہ کیا جائے۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہوم سیکرٹری حلف دیں کہ رات تک رکاوٹیں ہٹادی جائیں گی۔ایڈیشنل سیکریٹری ہوم نے کہا کہ رکاوٹیں دھمکیاں ملنے کی وجہ سے لگائی گئیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیا مجھے دھمکیاں نہیں ملتیں؟ اپنی فورسز کو الرٹ کریں۔وزیر اعلیٰ کو ڈرا دھمکا کرگھر نہ بٹھائیں۔

شیئر: