Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شریعت کیخلاف اٹھنے والی ہر آواز کا مقابلہ کرینگے، مولانا رابع حسنی ندوی

    حیدرآباد- - - - -مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی صدر آل انڈیامسلم پرسنل لا بورڈ نے دو ٹوک انداز میں واضح کیا کہ شریعت میں تبدیلی کی آواز اگر اٹھے گی تو بورڈ اس کامقابلہ کریگا۔انہوں نے آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے سہ روزہ اجلاس کے اختتام کے موقع پر   اپنے   خطاب میں کہا کہ شریعت میں تبدیلی ناقابل قبول ہے اور اس کو ہم مان ہی نہیں سکتے۔مولانا رابع حسنی ندوی نے واضح کیا کہ ہندوستانی دستور نے دین کے احکامات پر عمل کرنے اختیار دیا ہے، اس میں مداخلت اوراس میں تبدیلی کی بات نہیں کی جانی چاہئے ۔یہ آسمانی احکام ہیں،اس میں تبدیلی یا تغیر نامناسب ہے۔انسانی نفسیات کا لحاظ رکھتے ہوئے شریعت کے احکامات دیئے گئے ہیں۔یہ احکام ہماری زندگی کی ضرورت کے مطابق ہیں اورزندگی کے تقاضوں کو پوراکرتے ہیں۔ انہوں نے شریعت کے مطابق زندگی گزارنے کی مسلمانوں کو تلقین کی اور کہا کہ ہمیں شریعت کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالنا چاہئے۔ہم اگر شریعت پر عمل کریں گے تو ہمارے تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔  اس موقع پر مجلس اتحاد المسلمین کے صدر  بیرسٹراسد الدین اویسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابر ی مسجد کی لڑائی حق وانصاف کی لڑائی ہے۔مسلم پرسنل لا بورڈ اس پرکوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔انہوں نے جلسہ میں شریک عوام سے وعدہ لیا کہ جو لوگ مسجد کی اراضی کو بت خانہ کیلئے حوالے کرنے کی بات کرتے ہیں ،ان کا سماجی بائیکاٹ کیاجائے۔انہوں نے کسی کانام لئے بغیر کہا کہ بابری مسجد کی اراضی بت خانہ کیلئے حوالے کرنے کی بات کہنے والے دراصل وزیراعظم مودی کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی مسلمان کو پاکستانی کہنے پر 3 سال کی سزا کا قانون بنایاجانا چاہئے ۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈکے ترجمان مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی نے خواتین پر زور دیا کہ وہ صدر جمہوریہ کے خطبہ میں غیر جمہوری الفاظ کیخلاف شریعت کی پاسداری کرتے ہوئے پُرامن جلوس نکالیں اور مظاہرے کرتے ہوئے اس بات کو واضح کریں کہ ہم شریعت میں مداخلت کو برداشت نہیں کرسکتے۔مولانا ظفر یاب جیلانی ایڈوکیٹ سیکریٹری مسلم پرسنل لا بورڈ نے کہا کہ طلاق ثلاثہ کا بل ویمنس پروٹکشن کیخلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ حیدرآبا دکے بورڈ کا اجلاس حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ راجیہ سبھامیں اس بل کو منظور نہ کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ قانون شریعت میں تبدیلی برداشت نہیں کی جائیگی ۔ اختتامی اجلاس سے صدر جمعیت اہلحدیث مولانا اصغر علی  امام مہدی سلفی، سابق رکن پارلیمنٹ مولانا عبیداللہ خان اعظمی اور مسلم پرسنل لا بورڈ کے سیکریٹری خالد سیف اللہ رحمانی نے بھی خطاب کیا۔مولانا حسام الدین ثانی عامل جعفر پاشاہ رکن مسلم پرسنل لا بورڈ نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام کو بدنام کرنے کی سازش رچی جارہی ہے۔

شیئر: