قطر اوپن ٹینس : گربین مگوروزا بغیر کھیلے ویمنز سنگلز فائنل میں
دوحہ: ا سپینش کھلاڑی گربین مگوروزا فتوحات برقرار رکھتے ہوئے قطر اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز فائنل میں پہنچ گئیں۔عالمی نمبر ون کیرولین وزنیاکی اور پیٹرا کویٹووا نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔سیمونا ہالپ اور جولیا جارجز فٹنس مسائل کے باعث بالترتیب سیمی فائنل اور کوارٹر فائنل سے دستبردار ہوئیں۔ قطر میں جاری ایونٹ میں ویمنز سنگلز کے پہلے سیمی فائنل میں مگوروزا کا مقابلہ ہالپ سے تھا، ہالپ انجری کے باعث میچ سے دستبردار ہوئیں جس کی وجہ سے مگوروزا نے فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا۔ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا پر بھی قسمت مہربان رہی، حریف جرمن کھلاڑی جولیا جارجز کے انجری کے باعث کوارٹر فائنل سے دستبردار ہونے پر انہوں نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جہاں ان کا مقابلہ وزنیاکی سے ہو گا۔ وزنیاکی نے کوارٹر فائنل میں سابق عالمی نمبر ون جرمن کھلاڑی اینجلیق کربر کو شکست فاش سے دوچار کیا تھا، سیمی فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ہی کیرولین وزنیاکی ٹینس کی تاریخ میں 30 ملین ڈالر انعامی رقم جیتنے والی دنیا کی چوتھی کھلاڑی بن گئی ہیں۔