2018 لاہور قلندرز کا سال ہے، کپتان میک کولم
دبئی : لاہور قلندرز کے کپتان برینڈین میک کولم نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ 2 سیزن ٹیم کےلئے مایوس کن رہے لیکن رواں سال لاہور قلندرز کے اٹھ کھڑے ہونے کا ہے۔اپنے ویڈیو پیغام میں نیوزی لینڈ کے دھواں دار بیٹسمین اور پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم نے کہا پاکستان سپر لیگ میں اس بار قلندرز کے مداحوں کو مایوسی نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ وہ لاہور قلندرز کا حصہ بننے پر نہایت پرجوش ہیں اور ٹیم میں کافی اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔ برینڈن میک کولم نے کہا کہ وہ فخر زمان کے کھیل سے بہت متاثر ہیں ۔ امید ہے کہ فخر زمان جارحانہ کھیل پیش کریں گے۔ یو اے ای میں 22 فروری سے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز ہو رہا ہے ۔ لاہور قلندرز پہلا میچ نئی ٹیم ملتان سلطانز کے خلاف 23 فروری کو کھیلے گا۔