جازان : بے قابو گاڑی نے سائیکل سواروں کو کچل دیا
جازان.... ابو عریش کمشنری میں بے قابو گاڑی سائیکل سواروں پر چڑھ گئی جس سے 4 افراد جاں بحق اور6 زخمی ہوگئے۔ عکاظ اخبار سے گفتگو کرتے جازان ریجن کے ہلال الاحمر کے ترجمان نے بتایا کہ کنٹرول روم میں اطلا ع ملی تھی کہ ایک پک اپ وین نے متعدد سائیکل سواروں کو کچل دیا ۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچی جنہو ں نے فوری طور پر زخمیوں کو جن کی تعداد 6 تھی ابتدائی طبی امداد دیکر اسپتال منتقل کیا ۔ حادثے میں 4 سائیکل سوار جاں بحق ہوئے ۔ حادثے کا سبب بننے والے گاڑی کے ڈرائیور کو بھی زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا ۔ سائیکل سوار مقامی اسپورٹس کلب کے ممبر تھے جن کی تعداد 17 تھی وہ معمول کے مطابق سائیکلنگ کر رہے تھے ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کا سبب بنے والا کم عمر لڑکا تھا جس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں تھا ۔ پولیس اس سے تحقیقات کر رہی ہے۔