کابل...افغان حکام کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے گزشتہ سال اغوا کیے جانے والے 9 شہریوں کی نعشیںافغانستان کے شمالی صوبے ننگر ہار سے بر آمد کرلی گئیں۔ ضلعی گورنر کا کہنا تھا کہ بر آمد کی گئی لاشوں میں 3 قبائلی رہنماء شامل ہیں جنہیں گزشتہ دنوں ایک ہی قبر میں دفن کیا گیا تھا۔ضلع کوٹ کے سید رحمٰن مہمند کا کہنا تھا کہ آچن ضلع کے قریب مقامیوں نے لاشوں کو تلاش کیا۔خیال رہے کہ تمام 9 افراد کو کوٹ ضلع سے دہشت گردوں نے سال 2017 کے اوائل میں اغوا کیا تھا جس کے بعد سے اب تک ان افراد کی کوئی اطلاع نہیں مل سکی تھی۔سید رحمن مہمند کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیم داعش ان افراد کے اغوا کے پیچھے ملوث ہے تاہم داعش کی جانب سے ان ہلاکتوں کی ذمہ داری قبول کرنے کے حوالے سے کوئی بیان اب تک سامنے نہیں آیا ہے۔