Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تازہ زرعی اجناس کی خریداری کے لیے’ أذکٰی فارمرز مارکیٹ‘ کا انعقاد

مملکت کے کسانوں اور فارم ہاؤسز سے لائی گئی اجناس اور خالص شہد موجود ہے۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ حئی جمیل میں’ أذکٰی فارمرز مارکیٹ‘ رواں ماہ سے تازہ زرعی اجناس کی خریداری کے لیے ماہانہ بنیادوں پر دو روزہ پروگرام منعقد کیا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق مارکیٹ میں تازہ سبزیوں اور پھلوں کے علاوہ صحت مند غذائی انتخاب کے ساتھ مملکت میں زرعی ورثے کا شعور اجاگر کرنے کا پلیٹ فارم بھی موجود ہے۔
زائرین یہاں مقامی طور پر اُگائے گئے موسمی پھل، سبزیاں، اناج، گندم اور دیگر خالص اشیاء خرید سکتے ہیں جو مملکت کے کسانوں اور فارم ہاؤسز سے حاصل کی گئی ہیں۔
یہ مارکیٹ ’آرٹ جمیل‘ کے کمیونٹی پروگرامنگ کے تحت ’حئی مارکیٹس‘ اقدام کا حصہ ہے، جو متعدد خاندانوں اور دیسی خوراک کے شوقین افراد کے لیے بہترین ماحول فراہم کرتی ہے۔ 
مارکیٹ میں شیفز کارنر، أذکٰی میں سپیشل کافی کا سٹال، عوامی پروگرام اور’حئی ایکسپلوررز‘ کے عنوان سے بچوں کے لیے  ڈرائنگ  اور مطالعہ کی مصروفیات شامل ہیں۔
اذکٰی فوڈز کے بانی ذکی کامل نے بتایا ہے ’مملکت بھر سے 74 سے زائد فوڈ وینڈرز منتظمین کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، یہاں زرعی اجناس کے علاوہ شہد، ڈیری مصنوعات اور تازہ گوشت بھی دستیاب ہے۔‘

اذکٰی فارمرز مارکیٹ  9 اور 10 مئی کو دوبارہ سجائی جائے گی۔ فوٹو عرب نیوز

حئی جمیل میں منعقد ہونے والی ’ماہانہ فارمرز مارکیٹ‘ جدید سپر مارکیٹ ماڈل کا متبادل ہے، جہاں صارف کا براہ راست رابطہ کسان اور پیداواری ذرائع کے ذمہ داروں سے ہوتا ہے۔
ذکی کامل نے مزید بتایا ’مملکت بھر سے  یہاں ہر ماہ 16 پروڈیوسرز اور فارمز کے سٹالز  لگائے جائیں گے اور ایسے کسان جو اپنا سٹال خود نہیں لگا سکتے ہم ’اذکٰی سیلیکشن‘ سیکشن میں ان کی پیداوار فروخت کی ذمہ داری لیتے ہیں۔
مارکیٹ میں آنے والے زائرین کے لیے اہم تعلیمی پہلو پروڈیوسرز سے بالمشافہ ملاقات اور باہمی رابطہ ہے،جس میں زائرین مقامی زرعی ماہرین کے ساتھ پینل ڈسکشنز اور سوال و جواب کے سیشنز میں شرکت کر سکتے ہیں۔

زرعی اجناس کے علاوہ  ڈیری مصنوعات اور تازہ گوشت بھی دستیاب ہے۔ فوٹو عرب نیوز

مارکیٹ کے نئے سیزن کے پہلے دن11 اپریل کو پینل ڈسکشن میں سعودی عرب میں خالص شہد کی پیداوار بڑھانے میں حصہ لینے والے جاسم المغربی نے شرکت کی۔
اس موقع پر جاسم المغربی نے خالص اور روایتی شہد کی مکھیاں پالنے کے درمیان فرق کی وضاحت کی اور وزارت ماحولیات، پانی و زراعت میں بطور سابق ماہر شہد کی مکھیوں کے بارے میں اپنے تجربات پر روشنی ڈالی۔
باحہ سے آئے گندم کی قدیم اقسام اگانے والے کسانوں  نے پینل ڈسکشن سیشنز میں حصہ لیا۔

باحہ میں گندم کی قدیم اقسام اگانے والے کسانوں نے پینل ڈسکشن میں حصہ لیا۔ فوٹو عرب نیوز

مدینہ منورہ میں قائم ایوارڈ یافتہ آرگینک فارم ’نجمات النعناع فارمز‘ بھی اس مارکیٹ میں شریک ہے۔ 
فارم کے سی ای او  فہد الردادی نے بتایا ’ 2021 اور 2022 میں نجمات فارم کو مدینہ منورہ کے بہترین فارم کا اعزاز ملا جو معیار اور پائیداری سے ہماری وابستگی کا ثبوت ہے۔ 
حئی جمیل میں آئندہ ماہ اذکٰی فارمرز مارکیٹ 9 اور 10 مئی کو منعقد کی جائے گی۔
 

 

شیئر: