Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یہ پیغام نہ دیا جائے کہ سب نشانے پر ہیں،ایاز صادق

لاہور ... اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ قصور وار کو پکڑکر اسکے خلاف کارروائی ضرور کی جائے مگر تفتیش کے مراحل میں کسی کی تذلیل مناسب نہیں ۔ نیب کو اپنے اقدامات پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ اداروں کا آپس میں ٹکراو مناسب نہیں کیونکہ ادارے اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کریں گے تو مسئلے مسائل برھیں گے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تفتیش کے مراحل میں کسی کو بکتر بند گاڑیوں میں بٹھانا اور دہشت گردوں جیسا سلوک مناسب نہیں۔ شاید چیئرمین نیب کو یہ اطلاع نہیں کہ یہاں پر لوگوں کے ساتھ کیا سلوک کیا جا رہا ہے۔نیب کے حوالات کی تصویریں میڈیا میں دینا بھی غیر مناسب ہے۔ ابھی تو انویسٹی گیشن کا مرحلہ ہے جو قصور وارہے اسے ضرور پکڑیں اور اس کے خلاف کارروائی کی جائے مگر کسی کی تذلیل نہ کی جائے کیونکہ اللہ تعالیٰ کی ذات بھی یہ کہتی ہے کہ لوگوں کی تذلیل نہ کرو جب تک ان کے اوپر جرم ثابت نہ ہو جائے ۔انہوں نے کہا کہ جو سیاستدانوں کے ساتھ سلوک ہو رہا ہے اور جو ابھی بیورو کریٹ کے ساتھ دیکھا ۔ خاص طور پر احد چیمہ کا ذکر کرنا چاہوں گا وہ ڈی سی او لاہور بھی رہ چکے ہمارا تعلق بھی رہا اور وہ کبھی تفتیش اور احتساب سے پیچھے ہٹنے والوں میں سے نہیں۔ سیاستدانوں اور بیورو کریسی کو یہ پیغام نہ دیا جائے کہ آپ سب نشانہ ہیں۔ اگر یہ ہو گیا تو جو مشرف کے زمانے میں ہوا تھا کہ دفتروں میں کام ہونا بند ہو گئے تھے اور پاکستان بہت پیچھے چلا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب سے اپیل کروں گا کہ یہ تذلیل روکیں۔اس طرح نہ کرائیں۔نیب اپنا کام ضرور کرے مگر وہ طریقہ اختیار کرے جو ایک مہذب طریقہ ہے ۔ امید رکھتا ہوں کہ چیئرمین نیب میری بات پر توجہ دیں گے اور نظر ثانی کریں گے ۔

شیئر: