ماہرہ پر تنقید، مداح مہوش سے زیادہ سجل کیلئے پریشان
اسٹائل ایوارڈز میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ لینے والی ماہرہ خان کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر مداح مہوش حیات سے زیادہ سجل علی کے لئے پریشان دکھائی دیئے۔اگرچہ کچھ صارفین نے بہترین فلمی اداکارہ کا ایوارڈ مہوش حیات کو نہ دئیے جانے پر دکھ کا اظہار بھی کیا، تاہم بہترین ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ نہ جیت پانے پر زیادہ تر لوگ سجل علی کےلئےپریشان نظر آئے۔خیال رہے کہ 20 فروری کو ہونے والے 17 ویں لکس اسٹائل ایوارڈز میں بہترین ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ ’صبا قمر‘ کو ان کے ڈرامے ’باغی‘ پر دیا گیا۔جب کہ بہترین فلمی اداکارہ کا ایوارڈ ’ماہرہ خان‘ کو ان کی فلم ’ورنہ‘ پر دیا گیا۔سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے بہترین فلمی اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنے والی ماہرہ خان پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ’اوور ایکٹ‘ اداکارہ قرار دیا۔جب کہ متعدد صارفین نے مہوش حیات کو ان سے بہتر قرار دیتے ہوئے اس بات پر افسوس کیا کہ انہیں ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ میں بہترین اداکاری پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ نہیں دیا گیا۔ ہمایوں سعید نے ’بہترین اداکار‘ کا ایوارڈ لیتے وقت مہوش حیات کی اداکاری کی تعریف کی، اور اعتراف کیا کہ مہوش حیات کی وجہ سے ہی وہ فلم میں بہترین اداکاری کرنے کے قابل ہوئے۔