پیرس سینٹ جرمین کو رئیل میڈرڈ کیخلاف بڑادھچکا، نیمار زخمی
پیرس:فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کے اہم ترین کھلاڑی نیمار جونیئر مقامی ٹورنامنٹ کے دوران زخمی ہو گئے ۔ رئیل میڈرڈ کے خلاف جوابی میچ میں ان کی شرکت خطرات سے دوچار ہو گئی ۔اس میچ میں پی ایس جی نے مارسیلز کے خلاف 3-0سے کامیابی حاصل کی لیکن نیمار کا اس طرح زخمی ہو جانا کلب کے لئے ڈراﺅنا خواب ثابت ہو سکتا ہے جس نے چیمیئنز لیگ میں کامیابی کے لئے نیمار کو ہسپانوی کلب بارسلونا سے ریکارڈ ٹرانسفر فیس کے عوض حاصل کیا تھا۔میچ کے دوران نیما ر کا ٹخنہ مڑ گیا ۔ انہیں اسٹریچر پر میدان سے باہر لے جانا پڑا۔برازیلین فٹبالر سخت تکلیف میں نظر آرہے تھے ۔پی ایس جی کو چیمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل تک رسائی کیلئے رئیل میڈرڈ سے مقابلہ کرنا ہے جس نے پہلے مرحلے کا میچ3-1سے جیت رکھا ہے۔نیمار کی ممکنہ عدم موجودگی رئیل میڈرڈ کے خلاف بڑی کامیابی میں رکاوٹ بن سکتی ہے جس کا دوسرا مطلب لیگ سے آوٹ ہونا ہے۔میچ کے بعد کپتان تھیاگو سلوا نے کہا کہ نیمار کی حالت ٹھیک نہیں تھی اور اس کا پاوں یکدم سوج گیاتھا، میں ڈاکٹر نہیں تاہم مجھے رئیل میڈرڈ کے خلاف میچ میں نیمار کی شرکت ممکن نظر نہیں آتی جو بہت بڑا دھچکا ہوگا۔