مودی حکومت کی بڑی کارروائی،تمام بینکوں کو 15دن کا الٹی میٹم
نئی دہلی۔۔۔۔۔پنجاب نیشنل بینک گھپلہ کیس کے بعد پی این بی کے حصص کی قیمت اسٹاک مارکیٹ میں کافی نیچے آگئی۔بینک نے اسٹاک ایکسچینج کو بتایا کہ 11400کروڑ روپے کے علاوہ ایک ہزار 324کروڑ روپے کا ایک غیر قانونی لین دین کا معاملے کا انکشاف ہواہے جو نیرو مودی سے ہی متعلق ہے۔اب پی این بی گھپلے کی مجموعی رقم 12ہزار 724کروڑ روپے پہنچ گئی۔ اطلاع کے مطابق پی این بی کے حصص کی شرح 20ماہ کے دوران انتہائی نچلی سطح پر پہنچ گئی ہے۔حکومتی بینکوں میں یکے بعد دیگرے گھپلے اورغیر قانونی لین دین کے معاملات سامنے آنے کے بعد حکومت حرکت میں آگئی ہے ۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق حکومت نے ملک کے تمام بینکوں کو اپنی خامیاں درست کرنے کیلئے 15دن کا الٹی میٹم دیدیا ہے۔ تمام پی ایس یو بینکوں سے کہا گیا کہ وہ بینکنگ نظام میں تکنیکی خامیاں دور کرلیں بصورت دیگر بینکوں کے ڈائریکٹرزکو جوابدہ ہونا پڑیگا۔حکومت نے بینکوں کے تکنیکی امور اور کام کاج کو احسن شکل میں انجام دینے کیلئے ای ڈی اور جدید ٹیکنالوجی کے ماہرافسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے۔ یہ کمیٹی میں بینکوں میں پائی جانیوالی خامیاں ، اور مشکلات کے حل میں تعاون فراہم کریگی۔