سری دیوی کی آخری رسومات ادا،یادوں میں رہ گئی اب چاندنی
ممبئی۔۔۔۔بالی وڈ کی مشہور اداکارہ سری دیوی کی بدھ کے روز آخری رسومات ممبئی کے ویلے پارلے سیوا سماج شمشان مرکز میں ادا کی گئی۔شوہر بونی کپور نے اہم رسم ادا کی۔قبل ازیں سری دیوی کی میت لوکھنڈ والا میں واقع سلیبریشن کلب میں آخری دیدار کیلئے رکھی گئی تھی۔
سری دیوی کو نہ صرف بالی وڈ بلکہ سیاسی شخصیات، اہالیان ممبئی اور ملک بھر سے لوگوں کا ہجوم اپنی مقبول ترین اداکار ہ کو الوداع کہنے کیلئے امڈ پڑا۔ اژدہام پر قابو پانے کیلئے پولیس کو طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔آخری سفر پر روانگی سے قبل سری دیوی کو سجایا گیا، سرخ رنگ کی ساڑی میں سری دیوی کو دیکھ کر کوئی کہہ نہیں سکتا کہ وہ اس دنیا کو خیر باد کہہ چکی ہیں۔
سری دیوی کی میت کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا اور مہاراشٹر پولیس کی جانب سے پدم شری اعزازیافتہ سری دیوی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ الوداع کیا گیا۔