چالان پر ٹریفک پولیس کے ہاتھ پرخاتون نے دانت گاڑ دیئے
جکارتہ..... وسطی جاوا کے ایک علاقے میں ایک خاتون نے جو موٹر سائیکل چلا رہی تھی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر چالان کئے جانے پر اتنی خفا ہوئیں کہ انہوں نے چالان حوالے کرنے والے پولیس اہلکار کے ہاتھ پر دانت گاڑ دیئے۔ یہ عجیب و غریب واقعہ اس وقت پیش آیا جب موقع پر موجود ٹریفک اہلکار نے انہیں ہیلمٹ پہنے بغیر موٹر سائیکل چلاتے دیکھا اور انہیں روک کر چالان انکے حوالے کردیا۔ پکڑے جانے پر خاتون نے ٹریفک اہلکار کو بتایا کہ اس کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ وہ ہیلمٹ خرید سکے۔ اس نے اپنا بٹوہ کھول کر اس میں موجود پیسے گن کر بھی دکھائے مگر جب پولیس اہلکار انکی باتوں میں نہیں آیا تو غصے میں خاتون نے اسکے ہاتھ پر دانت گاڑ دیئے۔ ٹریفک پولیس اہلکار نے اس موقع پر کمال سکون کا مظاہرہ کیا اور اشتعال میں آئے بغیر خاموشی سے خاتون کے قریب سے چلا گیا۔ موقع کی وڈیو بڑی تیزی سے وائرل ہوئی ہے۔