ہاکی ورلڈ کپ: پاکستان" پول آف ڈیتھ" میں پہلا میچ جرمنی سے کھیلے گا
لوزین: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے اس سا ل ہند میں ہونے والے ہاکی ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔اس 14ویں ورلڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں 16 ٹیمیں شر یک ہیں جنہیں 4پولز میں تقسیم کیا گیا ہے اور پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ جرمنی کے خلاف کھیلے گی۔انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے مطابق ہند کے جنوبی شہر بھوبنیشور میں کھیلا جانے والا یہ ٹورنامنٹ 28 نومبر کو شروع ہوگا اور 16 دسمبر تک جاری رہے گا۔پول اے میں ارجنٹائن، اسپین، نیوزی لینڈ اور فرانس، پول بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، آئرلینڈ اور چین ،پول سی میں بیلجیئم، کینیڈا، جنوبی افریقہ اور میزبان ہند اور پول ڈی میں پاکستان، ہالینڈ، جرمنی اور ملائیشیا شامل ہیں۔پاکستان کے پول کو ہاکی ماہرین نے مشکل قرار دیتے ہوئے پول آف ڈیتھ کا نام بھی دیا ہے پاکستانی ٹیم یکم دسمبر کو جرمنی کے خلاف اپنے پہلے میچ سے میگا ایونٹ کا آغاز کرے گی۔پاکستانی ٹیم نے ریکارڈ 4مرتبہ ورلڈ کپ جیتا ہے۔ ورلڈ کپ کے پول مرحلے میں 28 نومبرسے 9 دسمبر تک ہر روز 2 میچ کھیلے جائیں گے۔ہر پول میں ٹاپ پوزیشن پر آنے والی2 ٹیمیں کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلیں گی جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ٹیموں کو 10 اور 11 دسمبر کو ایک ایک میچ مزید کھیلنا ہوگا۔کوارٹر فائنلز 12 اور 13 دسمبر کو کھیلے جائیں گے، 14 دسمبر کو آرام کا دن ہوگا جبکہ 15 دسمبر کو سیمی فائنلز ہوں گے، فیصلہ کن معرکہ 16 دسمبر کو ہوگا جبکہ اسی روز سیمی فائنلز میں ہارنے والی ٹیموں کے درمیان تیسرے پوزیشن اور برانز میڈل کیلئے میچ ہوگا۔