کالا دھن واپس نہیں آیا سفید دھن بھی چلا گیا ، اکبر اویسی
حیدرآباد - - - - قائد مقننہ مجلس اکبر الدین اویسی نے کہا کہ دارالسلام مسلمانوں کی طاقت اوراتحاد کا عظیم الشان مرکز ہے ۔ ایک وقت تھا جب مجلس کے400کروڑ کے اثاثے تھے۔ اب اسکے اثاثے 10ہزار کروڑ تک پہنچ گئے ۔ اویسی اسپتال کو دیکھ کر سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے کہا تھا کہ شاہ جہاں نے تاج محل تعمیر کرایا تھا اسی لئے صلاح الدین اویسی نے اویسی اسپتال تعمیر کرایا ۔ دارالسلام کے احاطہ میں جلد نور محل میں پولٹیکل ریسرچ سنٹر قائم کیا جائیگا ۔ علاقہ بنڈلہ گوڑہ میں اویسی اسپتال میں کے جی تاپی جی ایمپاورمنٹ سنٹر قائم کیا جائیگا ۔ نئے شہر میں ابھی اسریٰ اسپتال کی طرز پر ایک اسپتال کی تعمیر کا منصوبہ ہے، ہم کام شروع کر دیں گے ۔ اگر ہماری حیات میں یہ کام نہ ہو تو ہماری نسل اس کام کو آگے بڑھائے اور تکمیل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کی سہولت کی طرز پر مجلس کی نمائندگی کے نتیجہ میں تلنگانہ کے مسلم بچے بھی مسابقتی امتحانات میں 27نمبر حاصل کرنے پر اہل قرار پائیں گے ۔ پبلک سروسز کمیشن کے امتحانات میں مسلم امیدواروں کو 45سال کی عمر تک شرکت کی اجازت ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بی جے پی کا ایجنٹ کہا جاتا ہے، اس کی پرواہ نہیں ۔جو لوگ تنقید کرتے ہیں ان سے سوال کرتے ہیں کہ آخر ان لوگوں نے عوام کی ترقی کیلئے کیا اقدامات کئے؟ ۔ اکبر الدین اویسی نے کہا کہ ہمارا چوکیدار کہاں ہے ، کالا دھن واپس لانے کی بات کرنے والا کیوں خاموش ہے؟کالا دھن واپس نہیں آیا مگر سفید دھن یہاں سے چلا گیا ہے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ بابری مسجد کی ملکیت کا فیصلہ سپریم کورٹ سے مسلمانوں کے حق میں آئے گا۔ مسجد اسی مقام پر دوبارہ تعمیر ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ ہم جھکنے اور پیچھے ہٹنے والے نہیں پیچھے ہٹنے والے قدموں کو دنیا پیچھے دھکیل دیتی ہے ۔ ہم عوام کی محبت اور طاقت کے ذریعہ آگے بڑھ رہے ہیں اور بڑھتے رہیں گے ۔