پرانے گیس سیلنڈر بند ، نئے سیلنڈر ترمیم کے بعد مارکیٹ پہنچ گئے
گیس پریشر میں کمی کی شکایت دور کر دی گئی ، کمپنی ، پریشر "والو" 30 ریال میں فراہم کیا جارہا ہے ، صارفین پرانے سیلنڈروں کو ترجیح دیتے ہیں
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) مرکزی گیس فلنگ اسٹیشن نے پرانے سیلنڈر وں کی ری فلنگ روک دی ۔ پرانے سیلنڈروں کا استعمال ختم کرنے کےلئے ادارہ گیس کی جانب سے یہ اقدام کیاگیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جدہ سمیت مملکت کے تمام شہروں میں گیس کمپنی کی جانب سے پرانے سیلنڈر و ں کی جگہ کافی عرصے سے نئے سیلنڈر متعارف کروائے گئے تھے جو صارفین میں مقبول نہ ہو سکے ۔نئے سیلنڈروں کے بارے میں صارفین کو شکایت تھی کہ ان میں نصب " والو " میں فنی خرابی کے سبب گیس کا پریشر نہیں ہوتا جس کی وجہ سے انہیں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔صارفین کی شکایت کا ازالہ کرتے ہوئے کمپنی نے سیلنڈروں پر نصب" والو" میں ترمیم کر کے ان پر پریشر کنٹرولنگ والونصب کر دیا ہے جس سے گیس پریشر کو کم یا زیادہ کیا جاسکتا ہے ۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے سیلنڈروں پر نصب کیا جانے والا والو مناسب ہے جس میں اضافہ کرکے انہیں صارفین کی طلب کے مطابق کر دیا گیا ۔ نئے والو کی لانچنگ کے بعد کمپنی نے پرانے سیلنڈروں کی ری فلنگ مکمل طور پر روک دی ہے ۔ سیلنڈرفروخت کرنے والی دکانوں پر کام کرنے والوں کا کہنا ہے کہ انہیں جو سیلنڈرکمپنی کی جانب سے فراہم کئے جائیں گے وہ وہی فروخت کریں گے اپنی جانب سے سیلنڈر نہیں بھر سکتے ۔ دکاندار کا کہنا تھا کہ ابھی صرف چھوٹے سیلنڈروں کی ری فلنگ روکی گئی ہے بعد میں تجارتی طور رپر زیر استعمال رہنے والے سیلنڈروں کو بھی تبدیل کیاجائے گا ۔ کمپنی کی جانب سے نئے سیلنڈروں کی تبدیلی کےلئے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جارہی ۔ سیلنڈر پر نصب کیا جانے والا " والو " 30 ریال میں فروخت کیاجاتا ہے ۔