بیجنگ ...چین نے آئندہ سال کے لئے دفاعی بجٹ کی مد میں 10 کھرب یوآن سے زیادہ یا 175 ارب ڈالر کی رقم مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔یہ رقم گزشتہ برس سے8 فیصد زیادہ ہے۔یہ اعلان بیجنگ میں چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے پارلیمنٹ کے سالانہ اجلاس کے دوران کیا۔چین نے آئندہ سال کے لئے اپنی شرح نمو کا ہدف بھی 6.5 فیصد مقرر کیا ہے۔اس اجلاس میں چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی جانب سے ملک کے صدر کے لئے زیادہ سے زیادہ دو ادوار کی شرط ختم کرنے کی تجویز کی منظوری کا بھی امکان ہے۔کانگریس کی جانب سے اس تجویز کی منظوری کے بعد صدر شی جن پینگ چیئرمین ما ئوکے بعد سب سے طاقتور چینی رہنما بن جائیں گے۔پیر کو ہونے والے اس اجلاس میں ہزاروں قانون سازوں نے صدارتی ادوار کی شرط ختم کرنے کی تجویز کو سراہا۔اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم لی نے دفاعی بجٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوج کو 'پتھر کی مانند مضبوط' ہونا چاہئے۔چین کی جانب سے دفاعی بجٹ میں اضافے کو اسٹریٹجک عزائم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ چین دنیا کی سب سے بڑی فوج کو جدید بنا رہا ہے۔ ہمالیہ کے سرحدی علاقوں اور جنوبی چینی سمندر جیسے علاقوں میں انفراسٹرکچر تعمیر کررہا ہے۔چین کے دفاعی اخراجات میں اضافے کے بعد امریکہ سمیت خطے کے دیگر حریف ممالک میں تشویش بڑھ رہی ہے۔چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے اور کئی سالوں سے ہونیوالی اقتصادی ترقی کی وجہ سے ملک میں غربت کم ہوئی ہے اور متوسط طبقہ بڑھا ہے۔