Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رئیل میڈرڈ چیمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

پیرس: کرسٹیانو رونالڈو نے چیمپیئنز لیگ کے ہر میچ میں گول کرنے کے اپنے ریکارڈ کو برقرار رکھتے ہوئے پیرس سینٹ جرمین کے خلاف د فاعی چیمپیئن رئیل میڈرڈ کو مسلسل دوسری کامیابی دلاتے ہوئے ٹیم کو کوارٹر فائنلز میں بھی پہنچا دیا۔ فرانسیسی کلب کے ہوم گراﺅنڈ پر کھیلے جانے والے میچ میں رئیل میڈرڈ نے 1-2سے کامیابی حاصل کی اور پہلے مرحلے کے میچ میں 1-3کی فتح کی بدولت مجموعی طور پر 2-5کے بڑے فرق سے اعزاز کے دفاع کا سلسلہ مزید آگے بڑھایا ۔ پیرس سینٹ جرمین اپنے اور فٹبال کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی نیمار جونیئر کی عدم موجودگی میں چیمپیئنز لیگ کے اس سیزن میں بھی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ۔ پی ایس جی انتظامیہ نے یہ لیگ جیتنے کی کوشش کے طور پر بارسلونا سے نیمار جونیئر کو 198ملین پونڈ کی ریکارڈ رقم کے عوض اپنے کلب منتقل کیا تھا ۔ نیمار گزشتہ ہفتے فرنچ لیگ کے ایک میچ میں ٹخنہ ٹوٹ جانے کے باعث آپریشن کے بعد کھیل سے دور ہیں اور ورلڈ کپ میں بھی ان کی شرکت مشکوک نظر آرہی ہے۔ پیرس میں کھیلے جانے والے اس اہم میچ میں پیرس سینٹ جرمین کو کم از کم 0-4سے کامیابی درکار تھی تاہم میزبان ٹیم پہلے مرحلے کے میچ کی طرح اس مرتبہ بھی صرف ایک گول کرسکی۔میچ کے تینوں گول دوسرے ہاف میں اسکور کئے گئے۔ رونالڈو نے چیمپیئنز لیگ کے ہر میچ میں گول کرنے کا اپنا منفرد ریکارڈ برقرار رکھا اور 51ویں منٹ میں ساتھی کھلاڑی لوکاس ویزکز کے کراس پر ہیڈ کے ذریعے ٹیم کو برتری دلائی۔اس کے بعد میزبان ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب اس کا مڈفیلڈر مارکو ویراٹی ریڈ کارڈ ملنے پر گراونڈ سے باہر کردیا گیاتاہم کچھ دیر بعد کھیل کے 71ویں منٹ میں ایڈنسن کیوانی نے گول کر کے میچ برابر کردیا اور پی ایس جی کے کھیل میں واپسی کے امکانات پیدا کئے۔میچ ختم ہونے سے 10منٹ پہلے رئیل میڈرڈ کے کاسیمیرو نے فیصلہ کن گول کرکے پیرس سینٹ جرمین اور اس کے حامیوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

شیئر: