برطانیہ:عوام پروپیگنڈےکا شکارنہ ہوں، سعودی ہائی کمیشن
لندن : برطانیہ میں سعودی ہائی کمیشن نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے سعودی طلبہ اور برطانیہ میں مقیم سعودی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ مخالفین کے پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں ۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ برطانیہ کے موقع پر سعودی عرب کے مخالفین انتہائی سرگرم ہو گئے ہیں ۔ وہ برطانوی وسائل اطلاعات کے علاوہ سوشل میڈیا ذرائع کو سعودی عرب کے خلاف استعمال کر رہے ہیں ۔
مخالفین جھوٹی رپورٹوں کی بنیاد پر حقائق توڑ مروڑ کر بیان کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ ہائی کمیشن نے کہا کہ ہے کہ ولیعہد کا دورہ برطانیہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس پر عالمی میڈیا کی نگاہیں مرکوز ہیں ۔ مخالفین کی ناکام کوششوں سے دورہ کی اہمیت اور افادیت میں کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ برطانیہ میں مقیم سعودی شہری مخالفین کی مہم کا جواب دینے کی زحمت نہ کریں ۔
پروپیگنڈہ کرنیوالوں کو جواب دینا انہیں اہمیت دینے کے مترادف ہے ۔ ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے بارے میں صحیح معلومات ہائی کمیشن سے حاصل کی جائیں ۔ بے بنیاد رپورٹوں پر توجہ نہ دی جائے ۔