تریپورہ : بپلب دیب نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا
اگرتلہ۔۔۔۔تری پورہ کے بی جے پی صدر بپلب کمار دیب نے ریاست کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ بپلب کے حلف لیتے ہی 70برس بعد مشرقی ریاست تریپورہ میں بی جے پی حکومت قائم ہوگئی۔حلف برداری کے بعد بپلب نے کہا کہ ریاست کی ترقی ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ وزیر اعظم کے ترقیاتی منصوبوں کو ریاست میں نافذ کرینگے۔ بپلب کے ساتھ دیگر 9وزراء نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔جشنو دیب برمن نے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا۔نریش دیب برما ، رتن ناتھ ،سدیب رائے برمن ، پرانجت سنگھ رائے ، منوج کانتی دیب، میواڑ کمار ، اور سانتونا چکما نے اپنے عہدوں کا حلف ٹھایا۔تقریب حلف برداری میں وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی کے صدر امیت شاہ ، لال کرشن اڈوانی سمیت دیگر ریاستوں کے وزیر اعلیٰ نے شرکت کی۔اس تقریب کی خاص بات یہ رہی کہ اسکا دعوت نامہ لیکر جمعرات کو خود بپلب دیب اور بی جے پی کے جنرل سیکریٹری رام مادھو سابق وزیر اعلیٰ کے گھر پہنچے جسے قبول کرتے ہوئے مانک سرکار تقریب میںشریک ہوئے۔واضح ہو کہ تریپورہ کی60نشستوں میں سے 35نشستیں بی جے پی نے اور اس کی معاون جماعت آئی پی ایف ٹی نے 8نشستیں حاصل کی۔