Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی : کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی،3ہلاک،13زخمی

ممبئی۔۔۔۔مہاراشٹر کے پال گھر انڈسٹریل علاقے میں  کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی سے 3مزدور ہلاک جبکہ13 جھلس گئے جنہیں قریبی اسپتال میں داخل کرادیاگیا۔ مہاراشٹر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ایم آئی ڈی سی) کے علاقے میں آگ اتنی بھیانک تھی کہ آس پاس کی 6دیگر فیکٹریاں اس کی لپیٹ میں آگئیں۔رات دیر گئے لگی آگ کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈکی 7ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائیاں شروع کردیں۔ اندھیرے کے باعث بچاؤ اور راحت کے کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔پال گھر کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کا کہنا ہے کہ نوبافین، یونی میکس، پراچی، آرتی، بھارت رسائن اور دربار فیکٹریوں میں آگ لگی جہاں فائر بریگیڈ کی ٹیمیں آگ بجھانے کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔فائر بریگیڈ کے عملے نے کارروائی کے دوران آرتی انڈسٹریز سے 3سوختہ نعشیں برآمد کیں۔فائر بریگیڈ کے عملے نے بتایا کہ آگ میں محصور فیکٹری کے متعدد کارکنوں کو بحفاظت نکالا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق آگ بوائلر کے دھماکے سے پھٹنے کی وجہ سے لگی ۔دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز تقریباً10کلومیٹر دور تک سنائی دی۔فیکٹری میں موجود مختلف قسم کے کیمیکل موادمیں آگ لگ گئی جس نے آس پاس کی 6دیگرفیکٹریوں کو شعلوں میں تبدیل کردیا۔انڈسٹریل علاقے میں رہائش پذیر لوگوں کا کہنا تھا کہ فیکٹری میں دھماکہ سے زمین لرز گئی اور زلزلہ کا جھٹکا محسوس ہوا۔ لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پال گھر کے ضلع افسر پرشانت نرناورے نے بتایا کہ کافی جدوجہد کے بعد آتشزدگی پرقابو پالیا گیا ۔ حادثے کی بابت رپورٹ درج کرکے تفتیشی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:- - - -داؤد کا قریبی فاروق ٹکلا دبئی سے گرفتار ، ممبئی لایا گیا

شیئر: