رات کو بستر پر جانے کے بعد سونے سے پہلے موبائل فون کا استعمال نیند میں خلل ڈالنے کا باعث بن سکتا ہے . موبائل فون سے نکلنے والی شعائیں سرکیڈین ریدم کو متاثر کرتی ہیں جس کے نتیجے میں چوکس کر نے اور نیند کو بھگانے والے ہارمون پیداہوتے ہیں . موبائل فون کے استعمال سے دماغ کی فعالیت میں اضافہ ہو جاتا ہے جس کے باعث نیند کا غلبہ ہونے میں زیادہ وقت لگتا ہے .
2011 میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق نیند کے مسائل ، اسٹریس اور ڈپریشن کے اثرات کا موبائل کے استعمال سے بہت گہرا تعلق ہے . اس تحقیق کے دوران 20سے 24 سال تک کے عمر کے نوجوانوں پر ایک سال تک موبائل کے اثرات کا مطالعہ کیا گیا جس کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ موبائل کا بے تحاشہ استعمال ذہنی اور جسمانی صحت کو متاثر کرتا ہے . موبائل کے ساتھ مصروف رہنے کے باعث نیند پوری نہ ہونا ذہنی دباؤ ، کنفیوزن ، تھکن اور مایوسی کا سبب بنتا ہے جس کے نتیجے میں دن بھر کے معاملات متاثر ہوتے ہیں . رات کو سوتے وقت موبائل کو خود سے دور رکھ کر آپ اپنی نیند اور ذہنی اور جسمانی صحت دونوں کو محفوظ بنا سکتے ہیں .