ایوب صابر اردو اور پنجابی کے بہترین شاعر ہیں، ان کی ادبی خدمات قابل قدر ہیں، ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری، یادگاری شیلڈ پیش
ذکاء اللہ محسن۔ ریاض
ریاض میں معروف ادبی اور ثقافتی تنظیم حلقہء فکروفن ریاض کے زیراہتمام منطقہ شرقیہ کے معروف شاعر و ادیب محمد ایوب صابر کے اعزاز میں الوداعی تقریب اور مشاعرے کا انعقاد کاشانہ ادب پر منعقد کیا گیا جس میں ریاض سمیت سعودی عرب کے دوسرے شہروں سے شاعروں ، ادیبوں اور ادب سے لگاؤرکھنے والے افراد نے بھر پور شرکت کی۔ تقریب کی صدارت حلقہ فکروفن کے صدر ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری نے کی جبکہ محمد ایوب صابر نے اعزازی مہمان کے طور پر شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز ڈاکٹر محمود باجوہ نے تلاوت قرآن مجید فرقان حمید سے کیا اور نعمت رسول مقبول معروف شاعر شعیب شہزاد نے پیش کی۔ حلقہ فکروفن کے جنرل سیکرٹری وقار نسیم وامق نے انتہائی خوبصورتی اور خوش اسلوبی سے نظامت کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے آنے والے تمام معزز مہمانوں اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور اپنی شاعری سے مشاعرے کا آغاز کیا۔ تقریب کے صدر ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری نے کہا کہ شاعری کسی بھی معاشرے کے ثقافتی ، سماجی، معاشی اور اخلاقی پہلووں کو لفظوں کا جامہ پہنا کر لوگوں کے ذہن ودل پر دستک دیتی ہے۔ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری نے اعزازی مہمان محمد ایوب صابر کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایوب صابر اردو اور پنجابی کے بہترین شاعر ہیں اور ان کی ادبی خدمات قابل قدر ہیں۔
حلقہء فکروفن کے ناظم الا مور ڈاکٹر طارق عزیز نے ایوب صابر کو انکی ادب میں کار ہائے نمایاں پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے اعزازی مہمان محمد ایوب صابر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علمی، ادبی اور ثقافتی تقریبات نہ صرف ہمارے جمالیاتی ذوق کی تسکین کرتی ہیں بلکہ آدمی سے انسان بننے میں ہماری رہنمائی کرتی ہیں ۔ اس ضمن میں حلقہ فکروفن کا کردار سعودی عرب میں نمایاں اور لائق تحسین ہے۔ محمد ایوب صابر نے اپنے کلام سے محفل پر رقت طاری کردی۔ حاضرین نے ان کی پر کشش اور دلفریب شاعری پر دل کھول کر داد دی اور زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ مہمان اعزازی نے خوبصورت اور پروقار تقریب سجانے پر حلقہ فکروفن کے تمام عہدیدارن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
تقریب کے دیگر شعرائے اکرام جن میں غزالہ کامرانی ،یاسمین ظہیر ،محمد صابر قشنگ،ہمایوں اختر،سلیم حسرت،شہزاد عجمی،چوہدری سجاد،منصور چوہدری ،محسن رضا، کامران ملک،مسعود جمال،شعیب شہزاد،یوسف علی یوسف اور دیگر نے اپنے اپنے انداز میں کلام پیش کر کے سامعین کو خوب محظوظ کیا۔ تقریب کے آخر میں حلقہ فکروفن کی جانب سے مہمان اعزاز محمد ایوب صابر کو ان کی ادبی خدمات پر یاد گاری شیلڈ پیش کی گئی ۔ حافظ عبدالوحید نے محمد ایوب صابر کی مزید کامیابیوں اور پاکستان کی خوشحالی ترقی اور سالمیت کے لیے خصوصی دعا کی ۔
*********