ڈلاس.... مقامی یونیورسٹی میں ماہرین نفسیات کی ایک ٹیم نے اپنی تازہ ترین تحقیقی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بہت کم جوڑے ایسے ہوتے ہیں جو اس بات کا اندازہ لگا لیتے ہیں کہ انکا ساتھی کسی غم میں مبتلا ہے۔ یہ حساس شعور کے طفیل ہوتا ہے مگر تحقیق و تجربے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ساتھ زندگی گزارنے والے افراد کو ایک دوسرے کے بارے میں یہ جاننے میں زیادہ وقت نہیں لگتا کہ کون خوش ہے۔ اس تحقیقی رپورٹ کی تیاری کیلئے ماہرین نفسیات نے مختلف سن و سال کے متعدد جوڑوں کو رضاکار بنایا۔ جن کا تعلق مختلف نسلوں سے تھا۔ زیر تجربہ جوڑوں میں سے ہر ایک کو یہ کام سونپا گیا تھا کہ وہ اپنے ساتھی کے بارے میں بتائیں کہ وہ کب غمگین ہوتااور کب خوش ہوتا ہے۔ تجربے میں رضا کار کے طور پر کام کرنے والے جوڑوں میں سے چند ایک ہی ایسے تھے جنہیں اپنے ساتھی کے غم اور دکھ کا اندازہ ہوسکا تاہم خوشی کے جذبات کسی کے بہت کم اپنے ساتھی سے پوشیدہ رہ سکے۔ ڈلاس یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے یہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ باہمی تعلقات کے حوالے سے یہ اپنی قسم کی پہلی تحقیقی رپورٹ ہے۔