اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کا شکر ادا کرنا مومن کی پہچان ہے ،کفران نعمت سے نعمتیں چھین لی جاتی ہیں ،مولانا سعید حسامی
جدہ ( امین انصاری )جدہ کی معروف شخصیت سید سلیم نے بیٹے کی پیدائش پر دوست احباب کو جدہ کی مقامی ہوٹل میں عشائیہ پر مدعوکرکے علماء سے اولاد کی تربیت اور شکرخداوندی پر تقاریر کا اہتمام کیا ۔
تقریب کا آغاز قاری محمد اسدعلی کی قرأت کلام پاک سے ہوا جبکہ محمد امین الدین انصاری نے بارگاہ رسالت میں نعت کا ہدیہ پیش کیا ۔ مولانا محمد سعید الدین حسامی نے اس موقع پر کہا کہ اولاد اللہ تعالیٰ کا بندے کیلئے بہترین تحفہ ہے لیکن قابل مبارکباد ہیں وہ والدین جو اپنی اولاد کی تربیت میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔ مولانا سعید نے شکرخداوندی پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان کو ہر حال میں اللہ کی نعمتوں کا شکرادا کرنا چاہئے کیونکہ اللہ نے ہمیں بے شمار نعمتیں بغیر مانگے عطا کردی ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ اگر انسان اپنے جسم کے اعضا کی سلامتی پر اللہ سے ساری زندگی شکرانہ ادا کرے تب بھی اس کی زندگی شکر کرنے میں کم پڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ شکر کرنے میں کوتاہی کفران نعمت کہلاتی ہے اور کفران نعمت سے نعمتیں چھین لی جاتی ہیں ۔
مولانا عابد ندوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نیک اور صالح اولاد کی تمنا کرنے کیلئے دعا مانگنے کا سلیقہ قرآن کے ذریعے سکھایا ۔ سیدناابراہیم علیہ السلام نے نیک اولاد کیلئے دعا فرمائی ۔سیدنایعقوب علیہ السلام نے اپنے بعد اپنی اولادکے دین پر قائم رہنے پر تشویش ظاہر کی لہذا ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ اولاد کو نیک اور صالح بنائیں اوریہ تب ہی ممکن ہے جب ہم نیک اعمال کریں کیونکہ والدین بچے کا آئیڈیل ہوتے ہیں۔ وہ انہیں دیکھ کر نقل کرتا ہے ۔ مولانا عابد ندوی نے کہا کہ اپنی اولاد کو دنیا کا کوئی بھی علم دیں لیکن علم ِدین سے اسکو دور نہ کریں ۔علوم ِدینیہ بچے کو دنیا و آخرت میں سرخرو کرتا ہے اور وہ بچے والدین کی آنکھوں کا ٹھنڈک ثابت ہوتے ہیں۔
تقریب میں سید سلیم کے عزیز و اقارب اوردوست احباب کی کثیر تعداد جن میں خاص کر حافظ و قاری محمد امجد ، حافظ مسعود ، حافظ سراج ، حافظ اشرف ، حافظ خورشید ، یوسف الدین جاوید ، انور بیگ ، توفیق ، حافظ نیاز الدین ، مولانا رفیع الدین ، عبدالکریم ، حبیب احمد ، شیخ جنید ، محمد نعیم اور دیگر نے شرکت کرکے سید سلیم کو دلی مبارکباد دی اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔