Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ویمنز ٹیم نے سری لنکا سے پہلا ون ڈے جیت لیا

 
ڈمبولا:پاکستان کی ویمنز ٹیم نے آئی سی سی چیمپیئن شپ میں 3میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں سری لنکا کو69رنز سے شکست دے دی۔ جویریہ خان کی ناقابل شکست سنچری اور کپتان بسمہ معروف کے علاوہ سابق کپتان ثناء میر کی بولنگ نے بھی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم نے 6وکٹوں کے نقصان پر250رنز اسکور کئے تھے۔جویریہ خان کی شاندار بیٹنگ اس میچ میں بنیادی فرق ثابت ہوئی جنہوں نے 142گیندوں پر 15 چوکوں کی مدد سے 113رنز اسکور کئے اور آوٹ نہیں ہوئیں۔ جب جویریہ کھیلنے آئیں تو 19رنز پر دونوں اوپنرز ناہیدہ خان اور منیبہ علی پویلین لوٹ چکی تھیں۔ منیبہ صفر پر جبکہ ناہیدہ13 رنز بنا کر آوٹ ہوئیں۔جویریہ نے کپتان بسمہ معروف کے ساتھ ملکر 49رنز کی اہم شراکت کے ذریعے صورتحال کو سنبھالا۔19رنز پر بسمہ کے آوٹ ہونے کے بعد اگلی بیٹر سدرہ امین صفر پرآوٹ ہوئیں تاہم ندا ڈار نے72رنز کی عمدہ شراکت میں حصہ ڈالتے ہوئے جویریہ کا ساتھ دیا اور 34رنز بنا نے میں کامیاب ہوئیں اس دوران جویریہ اپنی نصف سنچری مکمل کر چکی تھیں۔سابق کپتان ثنا ءمیر نے 27اور نتالیہ پرویز نے 21رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے اسکور کو250تک پہنچانے میں اپنا حصہ ڈالا۔سری لنکن بولرزنے23فاضل رنز کی صورت میںپاکستانی اسکور میں خاطر خواہ اضافہ کیا۔جویریہ نے136گیندوں پر اپنی سنچری مکمل اور پھر اپنی اننگز کو بغیر وکٹ گنوائے113تک پہنچادیا۔ششی کلا اور چماری اٹاپٹو نے2،2وکٹیں لیں۔جوابی بیٹنگ میں میزبان ٹیم پاکستانی بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکی اور 45.2اوورز میں181رنز پر آوٹ ہو گئی۔ کپتان چماری اٹاپٹو اور ششی کلا نے با لترتیب46اور44رنز کی اننگز کھیل کر کچھ مزاحمت کی لیکن ٹیم کو ہدف تک نہ پہنچا سکیں۔ بسمہ معروف نے17رنز دے کر3اور ثناء میر29رنز دے کر 2وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئیں۔جویریہ خان کو میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
 

شیئر: