اہلیہ نے محمد شامی پر میچ فکسنگ کا الزام عائد کردیا
کولکتہ:ہندوستانی فاسٹ بولر محمد شامی اور ان کی بیوی حسین جہاں کے تنازع میں اب ایک پاکستانی لڑکی کا کرداربھی شامل ہو گیا ہے۔حسین جہاں نے اپنے شوہر پر الزام لگایاتھا کہ اس نے دبئی میں ایک پاکستانی لڑکی سے ملاقات کی اور اس سے پیسے بھی لیے۔وہ کون تھی۔ ہندوستانی میڈیا میں اس نامعلوم لڑکی کے حوالے سے جاری قیاس آرائیاں اس وقت ختم ہو گئیں جب لندن میں مقیم ایک پاکستانی لڑکی علیشبہ نے محمد شامی سے ملاقات کی تصدیق کی تاہم اس نے محمد شامی کو کسی قسم کی رقم کی منتقلی کی سختی سے تردید کی۔علیشبہ کا کہنا تھا کہ میں محمد شامی کی پرستار ہوں اوران سے دبئی میں اس وقت ملاقات ہو ئی جب شامی جنوبی افریقہ سے واپسی پر وہاں رکے تھے۔علیشبہ کا یہ بھی کہنا ہے گزشتہ سال انگلینڈ میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی کے بعد سے محمد شامی سے رابطے میں ہوں۔ حسین جہاں نے شامی پر میچ فکسنگ کے الزامات عائد کرتے ہو ئے کہا تھا کہ اس نے پاکستانی لڑکی سے پیسے لینے کا اقرار کیا تھا۔ علیشبہ کا دبئی میں ملاقات کا مقصد محمد شامی کو وہ پیسے پہنچاناتھا جو برطانیہ سے کسی نے شامی کو بھجوائے تھے۔ حسین جہاں نے اپیل کی ہے کہ شامی کی گرفتاری میں اس کی مدد کی جائے۔