اہلیہ کے الزامات جھوٹ اور سازش ہے، محمد شامی
ممبئی:ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولرمحمد شامی کا کہنا ہے کہ اہلیہ کی جانب سے الزامات ان کے خلاف سازش ہیں اور ان کو بدنام کرنے کی کوشش ہیں۔انھوں نے کہا کہ ذاتی زندگی کے بارے میں جو کچھ بھی کہا جا رہا ہے وہ جھوٹ ہے اور میرے خلاف سازش ہے۔ میری بیوی نے 5سال سے تشدد اور دھمکیوں کے الزامات لگائے ہیں جبکہ ہماری شادی کو ابھی 4 سال ہوئے ہیں اس سے سمجھ لینا چاہئے کہ یہ سازش ہے۔ شامی نے کہا کہ تمام مقدمات کا سامنا کروں گا۔یاد رہے کہ اسی تنازع کی وجہ سے محمد شامی ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے پرکشش سینٹرل کنٹریکٹ سے بھی محروم ہو گئے ہیں جس کے تحت ہندوستانی ٹیموںکے ارکان کو ایک ملین ڈالر تک کے کنٹریکٹ دیے گئے ہیں۔ادھربی سی سی آئی کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ ونود رائے کا بیان ہے کہ محمدشامی پر ذاتی نوعیت کے الزامات نے بورڈ کو بھی مشکل میں ڈال دیا ہے۔ ایسے معاملات میں سب کہتے ہیں کہ یہ ذاتی زندگی کا معاملہ ہے اور کھلاڑی کو کنٹریکٹ دینا ایک پیشہ ورانہ معاملہ ہے لیکن اگر شامی کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا جا تا ہے تو کوئی بھی کہہ سکتا ہے کہ ایک شخص پر ایسے الزات لگ رہے ہیں اور آپ اسے نواز رہے ہیں تو یہ صورتحال ہمارے لئے آسان نہیں۔