اوکلاہوما .... مقامی چڑیا گھر میں رہنے والی افریقی نسل کی شیرنی ہارمونز کی خرابی کی وجہ سے مردانہ خواص کی حامل بن گئی ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق 18سالہ بریجٹ نامی شیرنی کی گردن اور سر پر 2017ءمیں اضافی بال اگ آئے تھے اور ماہرین کا کہناتھا کہ یہ تبدیلیاں غیر معمولی طور پر بڑے گلینڈ کی وجہ سے ہوئیں۔ شیرنی کی عمر اب 18سال ہے تاہم مارچ2017ءسے نومبر تک اس کے سر اور گردن پر اضافی بال اگ آئے تھے۔ جو غیر معمولی طور پر سخت اور بڑے تھے۔ ایسے بال بالعموم شیر نر کے ہوتے ہیں۔ اسکی بیماری کی خبر دنیا بھر میں شہ سرخیوں کے ساتھ شائع ہوئی مگر ماہرین امراض حیوانات نے اعتراف کیا کہ اب تک وہ اس شیرنی میں رونما ہونے والی تبدیلی کے اسباب جاننے سے قاصر رہے ہیں مگر پھر بریجٹ کے خون کا تجزیہ کیا گیا اورپھر اس کے خون کو بریجٹ کی بہن ”ٹیا“ کے خون سے موازنہ کیا گیا تو یہ بات سامنے آئی کہ دونوں کے ہارمونز میں نمایاں فرق ہے۔ اس کے ہارمون جسم کے اندر بننے والے ٹیومر کے نتیجے میں تبدیل ہورہے ہیں اور اس میں مردانہ خصوصیات رونما ہورہی ہیں۔ گلینڈز بڑھ گئے ہیں اور یہ سارے گلینڈ گردے کے اوپر ہیں۔ یہ ساری کیفیت انتہائی غیر معمولی تھی۔ حالانکہ جس ماحول میں بریجٹ کی پیدائش 1999ءمیں ہوئی تھی اسی ماحول میں اسکی بہن ٹیا بھی پیدا ہوئی تھی اور وہیں پلی بڑھی تھی مگر اس کے ہارمونز اور دیگر علامتیں عام شیرنیوں جیسی تھیں۔ اب بھی اس شیرنی کی صحت مجموعی طور پر اچھی ہے۔ یہ تحقیقی رپورٹ یونیورسٹی آف ٹینسی کی لیباریٹری میں تجزیے کے بعد جاری ہوئی ہے۔