ڈھاکا ..... کہتے ہیں کہ ایک عرصے بعد گنگا الٹی بہنے لگتی ہے تو غلط نہیں کہتے۔ تیزاب کے حملے انتقام لینے کے انتہائی مکروہ ترین طریقے سمجھے جاتے رہے ہیں تاہم اب تک رقابت کے مارے مردوں اور نوجوان لڑکوں کی طرف سے ایسی حرکات سرز د ہوتی رہی ہیں او ران حملوںکی وجہ سے بے شمار لڑکیاں بدشکل ہوچکی ہیں یا نابینا ہوچکی ہیں۔ کئی کی موت بھی اس سلسلے میں واقع ہوچکی ہے مگر یہاں رہنے والی ایک 16سالہ لڑکی نے محبت کا جواب محبت سے نہ ملنے پر 17سالہ لڑکے کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا اور اسکا چہرہ بگاڑ کر رکھ دیا۔ واقعہ کے بعد لڑکی کو گرفتار کرلیا گیا جس نے کہا کہ وہ اس لڑکے کو دل و جان سے چاہتی تھی مگر اسکی یہ محبت یکطرفہ ہی تھی کیونکہ لڑکے کی جانب سے اس کی پیشقدمی کا کوئی جواب نہیں مل سکا تھا۔ زخمی ہونے والے محمود الحسن کی ماں سکتے میں آگئی۔ ڈاکٹروں کاکہناہے کہ اس کے بگڑے ہوئے چہرے کو درست کرنے میں اچھا خاصا وقت اور اچھی خاصی رقم صرف ہونے کا امکا ن ہے پھر بھی پرانی شکل واپس نہیں ملے گی۔