اکثریت جلد عمرہ ادا کرنے کے چکر میں ضروری چیزیں ہوٹل میں ہی چھوڑ جاتی ہے،3مکاتب 24گھنٹے کام کررہے ہیں
مکہ مکرمہ(محمد عامل عثمانی) گمشدہ زائرین ، معتمرین و حجاج کی سہولت کیلئے سعودی حکومت کی طرف سے وزارة الحج اور عمرہ کے مکاتب بنائے گئے ہیں۔احباب مکہ گروپ کے نگران محمد سعد اعوان کے مطابق ان مکاتب کی تعداد اس وقت تک 6 ہے مگر اس میں سے 3 مکاتب کام کر رہے ہیں۔ باقی آئندہ ماہ سے کام کرنا شروع کر دینگے۔موجودہ مکاتب جن میں سے ایک مکتب مسفلہ کبری کے ساتھ فندق فلسطین کے سامنے ہے۔دوسرا باب عبد العزیز سے نکلتے ہی بائیں جانب عزیزیہ کی طرف جاتے ہوئے دائیں طرف فندق میریڈین کے بعد فندق جواد التاج کے نیچے واقع ہے۔ تیسرا مکتب غزہ کبری کے نیچے موجود ہے جو 24 گھنٹے کام کررہا ہے۔ مکتب نمبر 6 کبری غزہ کے نیچے ،مکتب نمبر 4 بجوار فندق مریدان طریق داِری الاول، مکتب نمبر 2 بجوار فندق فلسطین شارع ابراھیم خلیل پر موجود ہیں۔ واضح رہے کہ حجاج اکثر ضعیف العمر ہوتے ہیں اور گاﺅں دیہات سے آئے تقریبا 70 فیصد لوگ غیر تعلیم یافتہ اور اپنی علاقائی زبان کے علاوہ دوسری زبان نہیںبول سکتے، نہ سمجھنے کے سبب ہوٹل کا راستہ بھول جاتے ہیں۔ ان میں اکثریت جلد سے جلد عمرہ ادا کرنے کی کوشش میں ہوٹل کے کارڈ اور پاسپورٹ کی کاپی کمرے میں ہی چھوڑ جاتی ہے جوعمرے کی ادائیگی سے واپسی پر پریشانی کا سبب بنتی ہے۔ مکاتب میں ان حجاج یا معتمرین کے پاس ہوٹل کے کارڈ یا پاسپورٹ کی کاپی موجود نہ ہو ان کا مکمل نام،عمر،انکی جائے پیدائش کا ضلع اور عمرہ یا حج پر سعودی عرب پہنچنے کی تاریخ پوچھی جاتی ہے۔اس کے بعد انکی تمام معلومات کو اکٹھا کرکے انکی کمپنی سے رابطہ کیا جاتا ہے اور مندوب کو بلا کر گمشدہ حاجی یا معتمر اسکے حوالے کر دیا جاتا ہے۔