پشاور زلمی اعزاز کا دفاع یا اسلام آباد دوبارہ چیمپیئن!
کراچی:نیشنل اسٹیڈیم میں آج پی ایس ایل تھری کا فائنل ہوگا جس کے دوران ڈیرن سامی کی قیادت میں پشاور زلمی اعزاز کا دفاع اور مصباح الحق کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ دوسری مرتبہ ٹرافی کے حصول کےلئے میدان میں اترے گی۔ مصباح کی عدم موجودگی میں جنوبی افریقی کھلاڑی جین پال ڈومنی قیادت کریں گے۔ یہ میچ کراچی میں فروری 2009 کے بعد کھیلا جانے والا پہلا ایسا کرکٹ مقابلہ ہوگا جس میں غیرملکی کھلاڑی بھی شامل ہوں گے جلوہ گر ہوں گے، اس سے پہلے نیشنل اسٹیڈیم نے آخری مرتبہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کی میزبانی کی تھی۔ آج ہونےوالے معرکے میں دونوں ٹیمیں پی ایس ایل تھری میں دو مرتبہ آمنے سامنے آئیں اور ایک ایک کامیابی دونوں کے حصے میں آئی ۔لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے دونوں ایلیمنیٹر میچوں میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد پشاور زلمی کے حوصلے بلند ہیں لیکن مصباح الیون بھی پلے آف مرحلے میں کراچی کنگز کو شکست دے کر براہ راست فائنل میں پہنچ کر اپنی دھاک بٹھا چکی ہے، دونوں ٹیموں کے پاس بہترین اوپنرز، مڈل آرڈر میں جارحانہ اننگز کھیلے والے بیٹسمین اور اسپن و فاسٹ بولنگ کے شعبے میں کئی بڑے نام ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس لیوک رونچی اور جے پی ڈومنی کی صورت میں تیز کھیلنے والے اوپنرز موجود ہیں اور اگر یہ دونوں بیٹسمین چل گئے تو بڑا اسکور کرسکتے ہیں ۔ڈومنی پشاور زلمی کے خلاف 73 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی کھیل چکے ہیں اور لیوک رونچی بھی پلے آف میچ میں کراچی کنگز کے خلاف 39 گیندوں پر 94 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو یکطرفہ طور پر فتح دلا چکے ہیں۔دوسری جانب پشاور زلمی کے پاس بھی کامران اکمل کی صورت میں جارح وپنرہیں جن کی بیٹنگ کا تسلسل برقرار ہے، کامران اکمل اب تک ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں اور انہیں اس ایڈیشن میں واحد سنچری بنانے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ کامران اکمل نے گزشتہ میچ میں 27 گیندوں پر 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور اگر فائنل میں بھی وہ کریز پر کچھ دیر کھڑے رہ گئے تو اسلام آباد یونائیٹڈ کے لئے مسئلہ بن سکتے ہیں۔پشاور زلمی کے دوسرے اوپنر تمیم اقبال ہیں جو فائنل کےلئے دستیاب ہوئے تو پشاور کا اوپننگ کمبی نیشن اسلام آباد کی ٹکر کا ہوگا ۔ون ڈاون میں اسلام آباد کے پاس صاحبزادہ فرحان اور حسین طلعت ہیں ۔ پشاور زلمی کے پاس ون ڈاون میں آندرے فلیچر اور لیام ڈاوسن ہیں ۔مڈل آرڈر میں اسلام آباد کے پاس کپتان مصباح الحق اور آصف علی ہیں جبکہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور رکی ویسلز مڈل آرڈر کے مضبوط ترین بلے باز ہیں ۔اسلام آباد کے پاس سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر فہیم اشرف موجود ہیں اور دوسرے اہم بولر محمد سمیع ہیں ۔ پشاور زلمی کے پاس ٹی ٹوئنٹی کے بہترین بولر وہاب ریاض اور حسن علی ہیں ۔اسپن بولنگ کےلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس سمیت پٹیل، شاداب خان اور جے پی ڈومنی ہیں تاہم اچھے اسپنرز کی موجودگی کے باوجود پشاور زلمی کا مکمل انحصار فاسٹ بولرز پر ہی رہاہے۔