جدہ.... ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ امریکہ خاص کر بوسٹن کے برق رفتار دورے کے حوالے سے ٹویٹر پر لوگوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ " بے شک یہ دور عسکری قوت کا نہیں بلکہ یہ زمانہ سیاسی اور معیشت کی طاقت کا ہے " ۔ سبق نیوز نے ٹویٹر پر جاری لوگوں کی بحث کے حوالے سے لکھا ہے جس میں الفرزدق بن جریر نے حیرت میں ڈوبے ٹویٹ میں استفسار کیا " حقیقت یہ ہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان برق رفتار دور ے میں بے شمار کام انجام دیئے۔ اس مختصر وقت میں یہ کیسے ممکن ہوا اور انہوں نے اپنے آرام اور کھانے کےلئے کس طرح وقت نکالا" ۔ بن جریر نے دوبارہ ٹویٹ کیا جس میں اس نے خود ہی اپنے استفسار کا جواب دیتے ہوئے کہا " قائدین ایسے ہی ہوتے ہیں ، وہ تھکاوٹ اور بوریت سے نا آشناہوتے ہیں ، قدرت نے ولی عہد کو انہی مثالی صفات سے نوازا ہے "۔عیسیٰ الزھرانی نے اپنے ٹویٹ میں کہا " بے شک یہ دور عسکری قوت کا نہیں بلکہ سیاسی اور معیشت کی طاقت کا ہے " ۔الزھرانی نے مزید کہا " ترقی یافتہ ممالک دنیا پر سیاسی و معاشی طاقت سے حکومت کرتے ہیں ، ہم بھی سیاسی اور اقتصادی قوت میں اضافہ کرکے طاقتور قوم بننا چاہتے ہیں، یہی ولی عہد کا بھی ہدف ہے، اللہ انکی حفاظت فرمائے " ۔