بھاجپا رکن اسمبلی پر 50لاکھ روپے غبن کا الزام
میرٹھ۔۔۔سردھنہ علاقہ کے موضع راج پور مومن کے ایک خاندان نے بی جے پی رکن اسمبلی سنگیت سوم پر لاکھوں روپے غبن کا الزام لگاتے ہوئے کمشنری گیٹ پر مظاہرہ کیا۔ کنبہ کے لوگوں نے کارروائی نہ ہونے پر خود سوزی کی دھمکی دی۔ موضع راج پور مومن کے رام کمار سنگھ نے بتایا کہ اینٹ بھٹے کیلئے پچھلے برس سنگیت سوم نے اپنی بیوی سمرن ٹھاکر کے نام سے 50لاکھ روپے میں زمین کا سودا کیا تھا ۔اس کے تحت سوم کی طرف سے 50لاکھ روپے ملنے تھے لیکن رقم ابھی تک ادا نہیں کی گئی۔ مطالبے پر ٹال مٹول سے کام لیا جاتا ہے۔ متاثرہ خاندان نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ رکن اسمبلی کے اہل خانہ روپے مانگنے پر دھمکی دے رہے ہیں۔2بہنوں کی شادی اگلے ماہ ہونیوالی ہے۔ روپے نہ ملنے سے پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ رام کمار نے رقم نہ ملنے پر کمشنری کے سامنے خود سوزی کرنے کا انتباہ دیدیا۔#