Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں سیاحت

پاکستان ریلوے اورپاکستان ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن( پی ٹی ڈی سی) ملک میں سیاحت کی ترقی کیلئے مل کر کام کریں گے۔ پاکستان بھر میں جہاں بھی ریلوے کی سروس ہے، وہاں سیاحتی سہولیات قائم کی جائیں گی۔ یہ اتفاق منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور خان اور پاکستان ریلویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید انورکے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پایا ۔ چوہدری غفور نے کہا کہ دونوں اداروں کے مابین باہمی تعاون کے بے شمار مواقع موجود ہیں کیونکہ سیاحت اور ماس ٹرانزٹ کا آپس میں بہت گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے ریلوے حکام سے درخواست کی کہ ریلوے کی ملکیت فالتو زمینوں کو سیاحتی منصوبہ جات کی تعمیر میں استعمال کیا جائے تاکہ قومی سطح پر بھی سیاحت کو فروغ دی جا سکے۔
پاکستان میں ریلوے کو سفر کا ایک محفوظ، کم خرچ اور قابل اعتبار ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ اس ضمن میں دونوں محکموں کے درمیان تعاون بے حد ضروری ہے تاکہ دونوں ادارے ملک میں سیاحت کی سہولیات بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ موجودہ حکومت ملک میں عوام کی بہتری اور سیاحت کی ترقی کے ساتھ ایک روشن پاکستان کا تصور دینے میں کوشاں ہے۔ ریلوے کے چیف ایگزیکیٹوآفیسرجاوید انور نے کہا کہ ماضی میں سیاحت کے شعبے کو نظر انداز کیا گیا ہے لیکن امید ہے کہ پاکستان ریلوے اور پی ٹی ڈی سی کی مشترکہ کاوشوں سے ہم سیاحوں اورعوام کےلئے مناسب سفری سہولیات فراہم کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ ریلوے کی فالتو زمینوں پر سیاحتی منصوبہ جات کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے ملک میں سیاحت کی ترقی و ترویج کیلئے ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کی کاوشوں کو سراہا۔ 
پاکستان میںسیاحت کیلئے بے شمار دیدہ زیب مقامات ہیں۔ اگر دونوں ادارے کوشش کررہے ہیں تو انکی کامیابی کیلئے دعا کرنی چاہئے۔ دنیا کے کئی ایسے ممالک ہیں جنکی آمدنی کا زیادہ تر دارومدار سیاحت پر ہے۔ اگر پاکستان بھی اپنی سیاحت کو فروغ دے تو اسے آئی ایم ایف سے قرضہ مانگنے کی ضرورت نہیں رہیگی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭

شیئر: