خدمت خلق ہی دین و دنیا کی بھلائی کا ذریعہ ہے ، عثمان بن محفوظ ،2000سے زائد مریضوںکا علاج کیا گیا ، میر محمود علی
جدہ ( امین انصاری ) حیدرآباد پین اینڈ پیلیٹیو کیئر سنٹر کی جانب سے حیدرآباد دکن سے آئے ہوئے ٹی نیوز چینل کے ایڈیٹر قیوم انور کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیاگیا ۔ اس موقع پر پین اینڈ پیلیٹیو کی جانب سے قیوم انور صاحب کو شیلڈ اور شال پیش کی گئی۔ تقریب کی نظامت مرزا قدرت نواز بیگ نے کی ۔ چیئرمین حیدرآباد پین اینڈ پیلیٹیو کیئر میر محمود علی نے استقبال کرتے ہوئے کہا کہ الریان پولی کلینک کے سی ای او شعیب کے تعاون اور احمد عبدالحکیم کے مکمل تعاون سے حیدرآباد دکن میں ٹرسٹ کا رجسٹریشن کرواکر قیام عمل میں لایا گیا اورعمارت کی سنگ بنیاد بھی رکھدی گئی جس کیلئے احمد عبدالحکیم نے اپنی 750زمین پین اینڈ پیلیٹیو کیئر سنٹر کو عطیہ کی ۔ انہوں نے کہا کہ اعجاز احمد خان نے افتتاحی تقریب کیلئے اپنا بھرپور تعاون دیا ۔ مرزا قدرت نواز بیگ جنرل سیکریٹری حیدرآباد پین اینڈ پیلیٹیو کیئر سنٹر جنہوں نے روز اول سے اپنی خدمات دی ۔ تمام امور کو انہوں نے بہت ذمہ داری اور نہایت حسن خوبی کے ساتھ آج تک نبھا رہے ہیں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیلیٹیو کیئر سنٹر کی جانب سے 2000 سے زائد مریضوں کا بہت کم عرصے میں علاج کیا گیا ۔اس موقع پر میر محمود علی نے طاہر فراز ، ڈاکٹر رفیق ، مصطفی ،اظہر ،نظام فاروقی ، عزیز ، ھدی ، رشید ،ڈاکٹر اشرف ، ٹرسٹی عبدالعزیز ، شیوپرشاد ، مرزا شفقت اللہ بیگ ،عامر عبدالغفار ،ذاکر اور حبیب الرحمن کا فردا فردا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا کہ یہ وہ احباب ہیں جن کی موجودگی سے پیلیٹیو کیئر سنٹر کا قیام عمل میں آیا ۔ ان سبھی نے دام ، درم ، سخن میں نہ صرف حصہ لیا بلکہ ٹرسٹ کے قیام کیلئے ہونے والی سرکاری مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے اپنی کوششوں سے اسے یقینی بنایا ۔
اعجاز احمد خان نے کہا کہ حیدرآباد پین اینڈ پیلیٹیو کیئر سنٹر ایک ایسے کام کا بیڑہ لے کر اٹھا جس کو کرنے کیلئے خود خاندان کے لوگ تیار نہیں تھے یعنی کیئر سنٹر ان مریضو ں کی نگہداشت اور صحت یابی کیلئے مصروف کار ہے جو کینسر ، جوزام اور دوسری موذی بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں اور ڈاکٹر انہیں لاعلاج یا پھر زیادہ رقم کی وجہ سے علاج نہیں کرتے ان کے گھر والے ان کی موت کا انتظار کرتے رہتے ہیں کیونکہ وہ ان بیماریوں کو اچھوت سمجھ کر اس سے کنارہ کشی کرلیتے ہیں ۔ کیئر سنٹر ان تک پہنچ کر انکی نگہداشت کا طریقہ کار سکھاتا ہے اور ان کے علاج کی راہیں ہموار کرکے ان میں زندگی کی امنگ بھر دیتا ہے ۔یہ ایسا کام ہے جس سے قرب الہی یقینا ہم سب کو مل سکتا ہے ۔
مہمان اعزازی عثمان بن محفوظ نے اس کام کی تعریف کی اور کہا کہ خدمت خلق ہی دین و دنیا کی بھلائی کا ذریعہ ہے انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت درجات کی بلندی کاحصہ بنتی ہے ۔ انہوں نے تمام پین اینڈ پیلیٹیو کیئر سنٹر کے تمام احباب کو دلی مبارکباد پیش کی ۔
مہمان خصوصی قیوم انور نے کہا کہ اہل جدہ قابل مبارکباد ہیں جو اپنی مصروفیات کے باوجود قوم و ملت اور ضیوف الرحمن کی خدمت کررہے ہیں ۔ انہوں نے حیدرآباد پین اینڈ پیلیٹیو کیئر سنٹر کے کام کو سراہتے ہوئے اس کی عمارت کیلئے احمد عبدالحکیم نے جو زمین عطیہ کی ہے اس کی ستائش کی اور کہا کہ اس پرآشوب دور میں لوگ دوسروں کے حقوق ہڑپ رہے ہیں ایسے میں اپنی زمین اللہ کے بندوں کی خدمت کیلئے وقف کردی ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اپنے اور دوسرے ٹی وی چینلزاور اخبارات کے ذریعے اس کام کی تشہیر کریں گے کیونکہ یہ کام زندگی سے مایوس مریضوں کی خدمت کا کام ہے ۔اس کے کرنے سے ہماری آخرت سنور جاتی ہے ۔
احمد عبدالحکیم نے کہا کہ ہم ایسے لوگوں کی خدمت کا بیڑہ اٹھائے ہیں جو موذی بیماری کی وجہ سے اپنی زندگی سے مایوس ہوچکے تھے اور موت کی دعائیں کرتے ہیں انہیں اپنی خدمت سے زندگی کی اہمیت اور بیماری سے لڑنے کا حوصلہ دلاکر ان کا علاج کیا جاتا ہے اور ان میں جینے کی ایک نئی امنگ جگائی جاتی ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر تمام احباب کا شکریہ ادا کیا ۔
٭٭٭٭٭٭٭٭