اندورمیں 4منزلہ عمارت منہدم،2خواتین سمیت 10ہلاک
اندور۔۔۔۔مدھیہ پردیش میں 4منزلہ ہوٹل کی عمارت اچانک منہدم ہوجانے سے 2خواتین سمیت10افرادملبے میں دب کر ہلاک ہوگئے جبکہ 20سے زائد لوگوں کے ملبے کے نیچے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔
یہ عمارت سرواتے بس اسٹیشن کے قریب واقع تھی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار اور فائر بریگیڈکی متعدد ٹیمیں موقع پر پہنچ کر ملبے میں پھنسے لوگوںکو بچانے اور راحت رسانی کی خدمات میں مصروف ہوگئیں۔
بی جے پی کے رہنما کیلاش وجے ورگی جائے وقوعہ پہنچے اور زخمیوں کی عیادت کی۔انہوں نےہلاک ہونیوالوں کے لواحقین کی مالی اعانت اور زخمیوں کے مفت علاج کا مطالبہ کیا۔ مقامی لوگوں نے بھی فائر بریگیڈ کے عملے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے زخمیوں کو اسپتال پہنچانے میں مدد کی ۔
پولیس نے عمارت منہدم ہونے کے اسباب کی معلومات حاصل کرنے کیلئے عمارت کے مالک کو حراست میں لے لیا اور واقعہ کی تفتیش شروع کردی ۔ملبے سے نکالی جانیوالی نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیں گئیں۔