فحش گیت گانے والوں کی اب خیر نہیں!
نئی دہلی۔۔۔۔پنجاب حکومت نے اب فحش گیت گانے والوں پر لگام لگانے کی تیاریا ں شروع کردیں۔ اس کیلئے کمیشن کی تشکیل عمل میں آئی ہے جس کے سربراہ وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ ہون گے۔ پنجاب بھون میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر لوکل باڈیزنوجوت سنگھ سدھو نے فحش گیت گانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اب غیر اخلاقی و غیر سماجی گانوں پر پابندی لگائی جائیگی۔اس سلسلے میں حکومت پنجاب نے کلچرل کمیشن تشکیل دیا ہے۔یہ کمیشن فحش گیت گانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں انتباہی نوٹس ارسال کریگا۔ باز نہ آنے پر گلوکار کیخلاف ایف آئی آر درج کرکے گرفتار کیا جائے گا۔ سدھو نے کہا کہ کمیشن پنجاب کی تہذیب و روایات کے برعکس اسلحہ بردار نشہ میں دھت افراد پر مشتمل مناظر گیتوں میں پیش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریگا۔