آزاد کشمیر میں یوم مذمت منایا جائے ،فاروق حیدر
مظفرآباد ...وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان کی اپیل پر کشمیر میں 15 کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے خلاف پیر کو یوم مذمت منایا جائے گا۔ تمام ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں مذمتی ریلیوں کا انعقاد ہو گا ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے دنیا بھر میں کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یوم مذمت منائیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کشمیریوں کی نسل کشی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔منصوبہ بندی کے تحت ہندوستانی خفیہ ایجنسی را معصوم کشمیریوں کا قتل عام کرا رہی ہے۔ خاموش نہیں بیٹھ سکتے ۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ ہندوستانی سفیر کو طلب کر کے سخت احتجاج کیا جائے ۔کشمیری عوام حق خودارادیت کی جدوجہد پر امن طریقے سے کر رہے ہیں۔ ہند طاقت کے بل بوتے پر ا سے دبا نا چاہتا ہے۔کشمیری عوام نے پہلے کبھی ہندوستان کاجابرانہ تسلط قبول کیا نہ آئندہ کریں گے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کشمیر میں ہندوستانی فورسز کے ہاتھوں 15 نوجوانوں کی ہلاکت کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھائے۔ معصو م کشمیریوں پر اندوہناک مظالم کے خلاف عالمی عدالت انصاف اپنا کردار ادا کرے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے۔