ایک لاکھ ماہانہ آمدنی والے ٹیکس سے مستثنی
اسلام آباد... وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 5 نکاتی ٹیکس اصلاحات کا اعلان کیا ہے۔ ایک لاکھ ماہانہ آمدنی والے ٹیکس سے مستثنی ہوں گے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ12 سے 24 لاکھ آمدن 5 فیصد ٹیکس ادا کریں گے۔ 24 سے 48 لاکھ آمدن پر 10 فیصد ٹیکس لاگو ہوگا ۔48 لاکھ سے زائد آمدن والوں پر 15 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھاسکتے۔ ایمنسٹی اسکیم سے 30 جون تک فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔وہ تمام پاکستانی جن کے اثاثے باہر ہیں وہ 2 فیصد جرمانہ ادا کرکے ایمنسٹی اسکیم کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ آف شور کمپنی بھی اثاثہ ہے، اسے بھی ڈیکلیئر کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس کی شر ح مرحلہ وار کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صرف 7 لاکھ لوگ ٹیکس ادا کرتے ہیں ۔ جس کے پاس شناختی کارڈ نمبر ہوگا وہی این ٹی این نمبر بھی ہوگا۔ ٹیکس وصولیوں کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال ہوگا۔ اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والے قانون کی گرفت میں آجائیں گے۔