"سرفراز دھوکا نہیں دیگا "والی توقعات پوری کرنا آسان نہیں، سرفراز احمد
لندن:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اعتراف کیا ہے ٹیم کی قیادت بہت مشکل کام ہے کیونکہ ہر کامیابی توقعات کے ساتھ دباو میں بھی اضافہ کردیتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ "سرفرازکبھی دھوکا نہیں دیگا "والی توقعات اور امیدوں پر پورا اترنا آسان نہیں۔ میں مذاق نہیں کررہا اور اندازہ ہے کہ اگر خدانخواستہ ہم ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز ہارجاتے تو پتہ چل جاتا۔ اب تو کلین سویپ کی وجہ سے سب کو مزہ آرہا ہے لیکن ناکامیوں کو برداشت کرنے کےلئے کوئی تیار نہیں ہوتا حالانکہ یہ بھی کھیل کا حصہ ہوتی ہیں، اس لئے میری خواہش ہے کہ یہ فلمی ڈائیلاگ والا سلسلہ اب ختم ہو جانا چاہئے۔ کپتان نے کہاکہ ٹی ٹوئنٹی میں اپنی عالمی نمبر ون پوزیشن مستحکم کرنے پر خوشی ہے لیکن ہر کامیابی توقعات میں اضافے کا سبب بنتی ہے اور پوری کوشش ہے کہ بیرونی دوروں میں بھی کامیابیوں کا یہ سلسلہ برقرار رہے ۔ ہم نے پوری کوشش کی کہ اچھی کرکٹ کھیلیں اور ہم اس میں کامیاب بھی رہے، بطور کپتان کامیابیوں پر اطمینان ہوا ہے۔کوشش ہوگی کہ نا صرف ٹی ٹوئنٹی بلکہ ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کےلئے بھی وننگ کمبی نیشن بنا نے میں کامیاب رہیں ۔ نئے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کر رہے ہیں، وہ اچھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھ کر ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں، اچھی ٹیم بننے کا کریڈٹ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کو جاتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں سرفرازا حمد نے کہا کہ دورہ آئرلینڈ اورانگلینڈ کےلئے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بنائیں گے۔