جنوبی پنجاب سے ن لیگ کے 8ارکان اسمبلی مستعفی
لاہور.. جنوبی پنجاب سے مسلم لیگ (ن) کے 6 ارکان قومی اسمبلی اور 2 ارکان صوبائی اسمبلی نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔لاہور میں تمام منحرف ارکان نے پریس کانفرنس کے دوران جنوبی پنجاب صوبہ محاذ بنانے کا بھی اعلان کیا ۔مستعفی ارکان قومی اسمبلی میں خسرو بختیار، اصغر علی شاہ، طاہر اقبال چوہدری، طاہر بشیر چیمہ، رانا قاسم نون، باسط بخاری جبکہ ارکان صوبائی اسمبلی سمیرا خان اور نصراللہ دریشک شامل ہیں۔اس موقع خسرو بختیار نے کہا کہ بلخ شیر مزاری محاذ کے سرپرست ہوں گے۔ایک ہی سیاسی نظریاتی ایجنڈے پر اکھٹے ہیں۔ 10 سے زائد ارکان پنجاب اور 5 سے زائد ارکان قومی اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔ آئندہ ہفتے مزید ارکان اسمبلی اس کارواں میں شامل ہوں گے۔ کئی ارکان پنجاب اسمبلی کے باہر کھڑے ہوکر استعفیٰ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ 1973 کا آئین ہر شخص کو مساوی حقوق دیتا ہے لیکن یہاں عوام بنیادی سہولت تک میسر نہیں ۔ پنجاب میں غربت 27 فیصد جبکہ جنوبی پنجاب میں 51 فیصد ہے جبکہ اسی جگہ سے مختلف وزیر اعظم اور وزرائے آتے رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہند اور ایران میں صوبوں کی تعداد بڑھ رہی لیکن پاکستان میں ایسا نہیں ہورہا اعلان کرتے ہیں کہ ہمارا ایک ہی سیاسی نکتہ ہے اور وہ نئے صوبے کا قیام ہے۔انہوں نے کہا یہاں اکٹھے ہونے کا مقصد وفاق کی مضبوطی ہے۔یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک جگہ پر ہی تمام دباو ڈال دیا جائے۔ ہمارے محاذ میں کوئی لسانی تعصب نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایک وقت آئے گا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت ہو وہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے بغیر انتخابات میں کامیابی نہیں حاصل کرسکے گی۔